سرینگر4دسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) جموں وکشمیر کی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے اردو زبان میں بھی ٹویٹ کرنا شروع کردیا ہے ۔ رواں برس کے 25 ستمبر کو ٹویٹنگ کا آغاز کرنے والی محبوبہ مفتی کے اس اقدام کی سوشل میڈیا پر سراہنا کی جارہی ہے ۔ تاہم بعض افراد نے یہ کہتے ہوئے وزیر اعلیٰ کے اس اقدام پر تنقید کی ہے کہ ‘میڈم۔۔یہ انڈیا ہے ۔۔ پاکستان نہیں کہ آپ اردو میں ٹویٹ کررہی ہیں’۔ مبصرین کے مطابق محترمہ مفتی اردو میں ٹویٹ کرنے والی پہلی بھارتی سیاستدان بن گئی ہیں۔وزیر اعلیٰ نے اردو میں ٹویٹنگ کا آغازاتوار کو اس وقت کیا جب وہ شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ میں عوامی دربار کے دوران وفود اور لوگوں سے ملاقات کررہی تھیں۔ انہوں نے اردو میں ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا ‘بانڈی پورہ میں عوامی وفود سے دن بھر ملاقات۔ اپنے ضلع کے مسائل اور تجاویز تحریری طور پر پیش کریں’۔ محترمہ مفتی نے اردو زبان میں اپنا دوسرا ٹویٹ پیر کی صبح کیا اور لکھا ‘کشمیر کے بیس بال کھلاڑی طاہر شبنم دوبئی کپ 2017 ء کے لئے منتخب۔ وادی کشمیر کے نوجوانوں کے لئے بنے قابل فخر’۔ انہوں نے انگریزی زبان میں بھی ٹویٹ کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے ۔ قابل ذکر ہے کہ اردو جموں وکشمیر کی سرکاری زبان ہے ، لیکن ریاست میں اس کا استعمال اراضی دستاویزات کی تحریروں اور راشن کارڈوں پر ناموں کی لکھائی تک محدود ہے ۔ محترمہ مفتی کا اردو میں ٹویٹنگ شروع کرنے پر سوشل میڈیا پر ملا جلا ردعمل سامنے آرہا ہے ۔ جہاں بیشتر سوشل میڈیا صارفین اس کی سراہنا کررہے ہیں، وہیں بعض صارفین اس کو پاکستان کے ساتھ جوڑ رہے ہیں۔