چیف منسٹر سے وزیرداخلہ اور ڈی جی پی کی ملاقات

حیدرآباد ۔ 6 مئی (سیاست نیوز) چیف منسٹر مسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے آج وزیرداخلہ مسٹر این نرسمہاریڈی اور ڈائرکٹر جنرل آف پولیس مسٹر انوراگ شرما کو طلب کرکے ملاقات کی اور ریاست تلنگانہ میں لا اینڈ آرڈر کی صورتحال سے واقفیت حاصل کی۔ باوثوق سرکاری ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہیکہ ریاست تلنگانہ میں آر ٹی سی ملازمین کی شروع کردہ ہڑتال کے باعث پائے جانے والے حالات سے بھی واقفیت حاصل کرتے ہوئے مسٹر کے چندرشیکھر راؤ چیف منسٹر نے وزیرداخلہ اور ڈائرکٹر جنرل آف پولیس کو ضروری ہدایات دیں۔ بالخصوص ریاست تلنگانہ بشمول خصوصی طور پر شہر حیدرآباد میں امن و ضبط کی برقراری پر اولین ترجیح دینے کی مسٹر انوراگ شرما کو ضروری ہدایات دیں۔ آر ٹی سی ہڑتال کے باعث مختلف مقامات پر صورتحال کا جائزہ لینا ضروری ہے۔ اس سلسلہ میں پولیس اور نظم و نسق کو چوکسی کی ضرورت ہوگی۔