حیدرآباد 28 ستمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راو سے مائیکرو سافٹ کے چیف ایکزیکٹیو آفیسر مسٹر ستیہ واڈیلا نے آج شام چیف منسٹر کیمپ آفس پہونچ کر ملاقات کی ۔ چندرا شیکھر راو نے چیف ایکزیکٹیو آفیسر مائیکرو سافٹ سے کافی دیر تک بات چیت کرتے ہوئے ریاست تلنگانہ میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کی مزید ترقی کے مسئلہ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔ مسٹر کے چندر شیکھر راو نے ریاست تلنگانہ میں سافٹ ویر ٹیکنالوجی و انفارمیشن ٹیکنالوجی کی ترقی کو یقینی بنانے کے سلسلہ میں ایک ایکشن پلان مرتب کرنے کی خواہش کی جس پر بتایا جاتا ہیکہ مسٹر ستیہ واڈیلا نے اپنے مثبت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے چیف منسٹر کو تلنگانہ میں سافٹ ویر ٹیکنالوجی کے تیز رفتار ترقی کا واضح تیقن دیا ۔ مسٹر چندر شیکھر راو ریاست تلنگانہ میں انفارمیشن ٹیکنالوجی و سافٹ ویر ٹیکنالوجی کو ترقی دینے سے خصوصی دلچسپی کا ستیہ واڈیلا سے اظہار کیا ۔