چیف منسٹر سے استعفیٰ دینے راج نرسمہا کا مطالبہ

حیدرآباد۔ 26 جنوری (سیاست نیوز) چیف منسٹر مسٹر این کرن کمار ریڈی سازشی بنے ہوئے ہیں جو علیحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل میں رکاوٹیں پیدا کرنے کے لئے سازشوں میں مصروف ہیں۔ ڈپٹی چیف منسٹر مسٹر دامودر راج نرسمہا نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اگر چیف منسٹر کو واقعی سیما۔ آندھرا عوام سے محبت ہے اور وہ ان کے لئے جدوجہد کرنا چاہتے ہیں تو فوری عہدہ سے مستعفی ہوجائیں اور احتجاج میں شمولیت اختیار کریں۔ مسٹر دامودر راج نرسمہا نے بتایا کہ کرن کمار ریڈی درحقیقت بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکے ہیں اور تلنگانہ کی تشکیل کو رکوانے کی غرض سے ہر طرح کا حربہ اختیار کرنا چاہتے ہیں۔

ڈپٹی چیف منسٹر نے کرن کمار ریڈی سے استفسار کیا کہ انہوں نے کیوں ایوان کا وقت ضائع کیا اور مباحث میں حصہ ہی کیوں لیا۔ مسٹر دامودر راج نرسمہا نے بتایا کہ چیف منسٹر کے ہر اقدام کا جواب دیا جاسکتا ہے لیکن تلنگانہ قائدین صرف اس لئے خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں چونکہ مرکزی حکومت کی جانب سے تشکیل تلنگانہ کے لئے تمام تر اُمور پر غور کرنے کے بعد ہی فیصلہ لیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چیف منسٹر جب بل پر مباحث کے لئے وقت میں توسیع طلب کررہے تھے تو کیا اس وقت انہیں اس بات کا اندازہ نہیں تھا کہ بل میں نقائص و خرابیاں ہیں یا پھر مکمل آندھرا پردیش تشکیل جدید بل 2013 ہی غیرقانونی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر یا سیما۔آندھرا قائدین کی جانب سے اس طرح کی کوششیں رائیگاں ثابت ہوں گی اور تشکیل تلنگانہ میں یہ حربے رکاوٹ ثابت نہیں ہوں گے۔