چیف منسٹر جہاں بیٹھ جائیں ، وہی ان کا آفس: کے سی آر

حیدرآباد ۔ 11۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) کارگزار چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اس وقت بھڑک گئے جب ایک اخباری نمائندہ نے ان سے ریاستی سکریٹریٹ میں قدم رکھنے کے بارے میں سوال کیا۔ چیف منسٹر نے اس سوال کو ٹالنے کی کوشش کی لیکن جب رپورٹر نے بار بار اسی سوال کو دہرایا تو وہ کسی قدر ناراض ہوگئے اور کہا کہ چیف منسٹر کیلئے سکریٹریٹ سے کام کرنا ضروری نہیں ہے۔ چیف منسٹر جہاں بھی بیٹھیں وہی ان کا آفس ہوتا ہے ۔ کام کہاں سے کرنا ہے وہ ضروری نہیں بلکہ کیا کام ہورہا ہے ، اس کی اہمیت ہے۔ کے سی آر نے رپورٹر سے سوال کیا کہ میں سکریٹریٹ کب جاؤں یا نہ جاؤں اس کی آپ کو اتنی فکر کیوں ہے۔ سکریٹریٹ کے بجائے اپنی سرکاری قیامگاہ سے کام انجام دینے کا مجھ پر الزام عائد کرنے والے کہاں ہے، وہ تو آج مٹی میں مل گئے ۔ انہوں نے کہا کہ سکریٹریٹ کا کب اور کیسے استعمال کرنا ہے ، وہ اچھی طرح جانتے ہیں۔ لہذا بار بار یہ سوال نہ کیا جائے ۔