چیف منسٹر جموں و کشمیر کی وزیراعظم اور مرکزی وزیرداخلہ سے ملاقات

نئی دہلی ۔ 7 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج چیف منسٹر جموں و کشمیر مفتی محمد سعید کو تیقن دیا کہ مرکز ریاست کے سیلاب زدہ عوام کی مالی راحت رسانی کیلئے بھرپور امداد کرے گا اور عوامی انفراسٹرکچر بحال کیا جائے گا۔ یہ تیقن وزیراعظم نے چیف منسٹر جموں و کشمیر سے 30 منٹ طویل ملاقات کے دوران کیا جبکہ انہوں نے کئی مسائل بشمول اقل ترین مشترکہ پروگرام پر پی ڈی پی ۔ بی جے پی مخلوط حکومت کی جانب سے عمل آوری بھی شامل تھی۔ مرکز نے ابھی تک مرکزی کابینہ کو یہ تجویز روانہ نہیں کی ہے جو سابق عمر عبداللہ حکومت نے راحت رسانی اور بازآباد کاری کیلئے 44 ہزار کروڑ روپئے طلب کرتے ہوئے گذشتہ سال ستمبر میں سیلاب سے متاثرہ ریاست کیلئے طلب کئے تھے۔ مودی اور مفتی سعید نے بحیثیت مجموعی ریاست کے سیاسی اور ترقیاتی صورتحال کا جائزہ بھی لیا۔ ملاقات اس پس منظر میں کی گئی ہے کہ مرکزی کابینہ میں توسیع کا امکان ہے اور قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ صدر پی ڈی پی محبوبہ مفتی کو کابینہ میں شامل کیا جائے گا۔ ملاقات کے دوران جو مفتی محمد سعید کے یکم مارچ کو چیف منسٹر بننے کے بعد پہلی ملاقات تھی، انہوں نے مرکز کی فوری توجہ متاثرین فسادات کی بازآبادکاری اور انفراسٹرکچر کی بحالی پر مبذول کروائی۔

ریاستی حکومت کے ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ نریندر مودی نے مفتی محمد سعید سے کہا کہ ریاست کو مرکزی حکومت سے سیلاب سے متاثرہ عوام کی مالی راحت سانی اور عوامی انفراسٹرکچر کی بحالی کیلئے بھرپور مدد کی جائے گی۔ مفتی سعید نے وزیراعظم مودی سے نظام میں شفافیت پیدا کرنے اور ریاستی حکمرانی کو بہتر بنانے کی ضرورت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ پی ڈی پی ۔ بی جے پی حکومت کی جانب سے جموں و کشمیر میں اقل ترین مشترکہ پروگرام پر عمل آوری بات چیت کا موضوع تھا۔ مودی نے حالیہ سیلاب جیسی صورتحال کے بارے میں بھی مفتی سعید سے دریافت کیا۔ بعدازاں مفتی محمد سعید نے مرکزی وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کشمیری پنڈتوں کیلئے جامع صنعتی علاقہ قائم کرنے کیلئے اراضی کی فراہمی کا تیقن دیا۔ چیف منسٹر جموں و کشمیر نے مرکزی وزیرداخلہ کو تیقن دیا کہ ریاستی حکومت جلد از جلد جامع صنعتی علاقہ وادی کشمیر میں قائم کرنے کیلئے اراضی حاصل کرے گی اور فراہم کرے گی۔ مفتی سعید کے ساتھ بات چیت کو بہتر قرار دیتے ہوئے راجناتھ سنگھ نے کہا کہ ہم نے ریاست کی ترقی سے متعلق کئی مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔

بعدازاں مفتی محمد سعید نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کئی مسائل بشمول ریاست کی سیاسی صورتحال اور اقل ترین مشترکہ پروگرام پر عمل آوری کے طریقہ پر غور کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پہلے انہوں نے وزیراعظم سے اور اس کے بعد مرکزی وزیرداخلہ سے ملاقات کرکے سیاسی صورتحال، امن کارروائی، کرپشن کے خلاف اقدامات، ریاست کی ترقی اور سیلاب کی صورتحال وغیرہ پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ اقل ترین مشترکہ پروگرام پر عمل آوری بھی موضوع گفتگو تھی جس کیلئے جموں و کشمیر کے عوام نے بڑے پیمانے پر اختیارات دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم جموں و کشمیر کو ایک بار پھر امن کا جزیرہ بنانا چاہتے ہیں۔ مرکزی وزیرداخلہ کے ساتھ ملاقات کے دوران ہوم گارڈ، خصوصی پولیس عہدیداروں کیلئے اجرت، ہلاکتوں اور نقصانات کیلئے جو سرحد پار فائرنگ سے ہوئی ہیں، راحت رسانی کے ایکس گریشیاء اور صیانتی اخراجات کی تفصیل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ مرکزی وزیرداخلہ نے کہا کہ عوام کو مرکز اور ریاستی مخلوط حکومت سے کافی توقعات ہیں اور این ڈی اے حکومت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ امکانی امداد فراہم کی جائے۔ اس کے بھرپور امکانات سے مخلوط حکومت صیانت اور عوامی فلاح و بہبود دونوں شعبوں کیلئے استفادہ کرسکیں۔ راجناتھ سنگھ نے چیف منسٹر سے کہا کہ ایس پی جی کے معاوضوں میں اضافہ کی ریاستی حکومت کی تجویز پر وزارت داخلہ کی جانب سے کارروائی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی ریزرو بٹالین جموں و کشمیر کیلئے اور ریاستی پولیس کے مؤثر استعمال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

جموں و کشمیر کو مالیہ فراہم کرنے کے منصوبہ پر مرکز کا غور : جیٹلی
نئی دہلی ۔ 7 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزارت فینانس جلد ہی تمام کلیدی مرکزی وزارتوں کے معتمدین کا ایک اجلاس طلب کرے گی تاکہ جموں و کشمیر کو مالیہ فراہم کرنے کے منصوبہ کو قطعیت دی جاسکے۔ ریاستی وزیرفینانس حسیب ذرابو کو مرکزی وزیرفینانس ارون جیٹلی نے ایک ملاقات کے دوران اس کی اطلاع دی تاکہ ریاست کی مابعد سیلاب مالیہ کی ضروریات کی تفصیلات حاصل کی جاسکیں۔ ذرابو نے تجویز پیش کی کہ مالیہ کے منصوبہ کی نشاندہی کرنے میں کثیر جہتی اداروں جیسے عالمی بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک، ریاستی حکومت، خانگی اداروں اور مرکزی حکومت کو بھی شامل کیا جائے۔ ریاستی حکومت کے ایک بیان میں اس تجویز کا انکشاف کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ ریاستی حکومت نے مرکز سے سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے مدد کی اپیل کی ہے ۔