پرانے شہر میں ٹی آر ایس کی رکنیت سازی مہم ۔ ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمود علی کا بیان
حیدرآباد۔28مارچ(سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت کے کارناموں کو تاریخی قراردیتے ہوئے نائب وزیراعلی الحاج محمد محمودعلی نے کہاکہ ساٹھ سال کی تاریخ میںپہلی مرتبہ تلنگانہ کی عوام کیلئے بے شمار فلاحی اسکیمات شروع کرنے کا اعزاز چیف منسٹر چندرشیکھر رائو کی حکومت کو حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ چندرشیکھر رائو کا عزم تلنگانہ میںتمام طبقات کے ساتھ انصاف کو یقینی بنانا ہے اور اس میں حکومت کامیاب ہوئی ہے۔ آج یہاں قدیم شہرحیدرآباد کے مختلف اسمبلی حلقہ جات میںٹی آر ایس پارٹی کی رکنیت سازی مہم کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے جناب محمد محمودعلی نے اعادہ کیا کہ حکومت تلنگانہ پسماندگی کی بنیاد پر تلنگانہ میںمسلم اقلیت کو 12 فیصد تحفظات فراہم کریگی۔انہوںنے شادی مبارک اور کلیان لکشمی اسکیم میں مالی امداد کے اضافے کا تذکرہ کیا اور کہاکہ چیف منسٹر نے جو وعدے تلنگانہ کی عوام سے کئے تھے ان کی تکمیل ہوچکی ہے ۔جناب محمد محمودعلی نے کہاکہ اقامتی اسکولس کا قیام اور اقلیتی طلبہ کیلئے مفت آئی اے ایس اور آئی پی ایس ٹریننگ کی سہولت بھی پورے ملک میں چندرشیکھر رائو حکومت نے فراہم کی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ خوش حال اور ترقی یافتہ تلنگانہ کا جو خواب چیف منسٹر ا ور تلنگانہ کی عوام نے ملکر دیکھا ہے اس کو شرمندہ تعبیر کرنے کام کیاجارہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ تلنگانہ کو جہاں ہندوستان کی نمبرون ویلفیر ریاست کا درجہ حاصل ہے وہیں تلنگانہ کی تشکیل بعد آصف جاہی دور کی گنگا جمنی تہذیب کا احیا عمل میںلانے کام کیاگیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جو خرچ فلاحی کاموں پر جاری کیاجارہا ہے اس کا صد فیصد استعمال خود اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت تلنگانہ عوام کی فلاح وبہبود میںکس قدر سنجیدگی کے ساتھ کام کررہی ہے ۔ جناب محمد محمودعلی نے تلنگانہ راشٹرایہ سمیتی کی بڑھتی مقبولیت کا سہرہ بھی چندرشیکھر رائو کی دوراندیش قیادت کے سرباندھا۔جناب محمد محمودعلی نے کہاکہ ہر عمر ‘ مذاہب اور طبقے کے لوگ تلنگانہ راشٹرایہ سمیتی سے وابستگی کیلئے بے چین ہیں۔انہوںنے کہاکہ پرانے شہر کے مختلف محلہ جات میںٹی آر ایس رکنیت سازی کی شروعات کی گئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ کشن باغ بہادر پورہ‘ موسی رام باغ ‘ قدیم ملک پیٹ اور اعظم پورہ کے رکنیت سازی مراکز پر عوام نے پارٹی میںشمولیت اختیار کی ہے۔ انکے ہمراہ ٹی آر ایس گریٹر حیدرآباد جنرل سکریٹری اعظم علی خرم ‘ ملک پیٹ انچارج ستیش‘ انچار ج اولڈ ملک پیٹ ایس بھونیشواری‘ ڈائرکٹرحیدرآباد زراعی مارکٹ راہول و دیگر موجود تھے۔