عوامی مسائل سے توجہ ہٹانے عثمانیہ سے حصول اراضی کا اعلان ، پی سدھاکر ریڈی کا ردعمل
حیدرآباد ۔ 25 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ کانگریس رکن قانون ساز کونسل مسٹر پی سدھاکر ریڈی نے چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو اپنی سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سیاسی کھیل کھیلنے کے وہ ( مسٹر کے چندر شیکھر راؤ ) ماہر ہیں اور کہا کہ محض اصل مسائل سے عوامی توجہ ہٹانے کے لیے ہی عثمانیہ یونیورسٹی اراضیات کے مسئلہ کو چھیڑ کر ہر کسی کو الجھا کر رکھدیا ہے ۔ مسٹر سدھاکر ریڈی نے چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ پر الزام عائد کیا کہ محض ملازمتوں کے حصول کے لیے ریاست میں مخلوعہ جائیدادوں پر عاجلانہ تقررات عمل میں لانے کے لیے فوری طور پر اعلامیہ جاری کرنے کے مطالبہ پر طلباء کی جانب سے کئے جانے والے احتجاج سے توجہ ہٹانے کی کوشش کے سواء یہ اور کچھ نہیں ہے ۔ انہوں نے آج اخباری نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ گوداوری پشکرالو سے متعلق دئیے گئے کام صرف کنٹراکٹروں کے جیب بھرنے کے لیے ہی دئیے گئے ہیں ۔ رکن قانون ساز کونسل نے حکومت تلنگانہ کو حدف ملامت بنایا اور کہا کہ ریاست کے عوام بالخصوص کسانوں کو درپیش مسائل پر کوئی توجہ دینے سے یکطرف گریز کیا جارہا ہے تو دوسری طرف محض آئندہ چند ماہ بعد شہر حیدرآباد میں منعقد ہونے والے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن انتخابات کو پیش نظر رکھتے ہوئے اپنے خفیہ ایجنڈہ رکھتے ہوئے حیدرآباد میں ’ سوچھ حیدرآباد ‘ پروگرام منعقد کرنے پر اولین ترجیح دی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کے سیاسی کھیل کھیلتے ہوئے تلنگانہ بالخصوص حیدرآبادی عوام کے کانوں میں پھول رکھنے کے لیے مسٹر چندر شیکھر راؤ کوشاں دکھائی دے رہے ہیں ۔۔