اسمبلی میں عوامی مسائل کو نشانہ بنانے کا اعلان: قائد مقننہ کانگریس کے جاناریڈی
حیدرآباد 2 نومبر (سیاست نیوز) تلنگانہ کانگریس مقننہ پارٹی نے چیف منسٹر ریاست تلنگانہ مسٹر کے چندرشیکھر راؤ پر الزام عائد کیاکہ وہ صرف اپنی لفاظی کے ذریعہ ’’گارو ڈی‘‘ کرتے ہوئے تلنگانہ عوام کو خوش فہمی میں مبتلا کرکے دھوکہ دے رہے ہیں۔ قائد کانگریس پارٹی و سابق وزیر مسٹر کے جاناریڈی نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے یہ بات کہی اور بتایا کہ چندرشیکھر راؤ کی زیرقیادت تلنگانہ حکومت کی تشکیل پائے پانچ ماہ کا عرصہ ہوچکا ہے لیکن صرف زبانی جمع خرچ جیسے اعلانات چیف منسٹر کی جانب سے کئے جارہے ہیں لیکن عملی اقدامات کچھ نہیں ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ تلنگانہ حکومت اپنی ناکامیوں کی پردہ پوشی کیلئے اصل مسائل پر سے عوامی توجہ ہٹانے کیلئے نئے مسائل پیدا کررہی ہے اور تلنگانہ عوام کو درپیش برقی مسئلہ کی یکسوئی کیلئے کوئی مثبت اقدامات کرنے سے گریز کرتے ہوئے صرف پڑوسی ریاست آندھراپردیش کی حکومت پر الزامات و جوابی الزامات عائد کرتے ہوئے حکومت تلنگانہ اپنا وقت ضائع کررہی ہے اور کوئی عوامی فلاح و بہبودی اقدامات کرنے سے تلنگانہ حکومت قاصر دکھائی دے رہی ہے۔ مسٹر کے جاناریڈی نے مزید کہاکہ 5 نومبر سے شروع ہونے والے اسمبلی اجلاس میں کانگریس پارٹی عوام کو درپیش مسائل پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے ان مسائل کو موضوع بحث بنانے پر اپنی اولین ترجیح دے گی اور حکومت کو سخت انداز میں جھنجوڑتے ہوئے مسائل کی یکسوئی کیلئے حکومت کو مجبور کرے گی۔