چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر کے اعلانات ’’پانی کے بلبلے‘‘ ثابت

وعدوں سے منحرف، کسان نظرانداز: صدر تلنگانہ ٹی ڈی پی ریونت ریڈی
حیدرآباد 2 اکٹوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ تلگودیشم پارٹی نے چیف منسٹر تلنگانہ کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ مسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے تلنگانہ کو تخم کی فراہمی کا مرکز بنانے کا اعلان کیا تھا لیکن چیف منسٹر کا یہ اعلان صرف ’’پانی کا بلبلہ‘‘ ہی ثابت ہوا اور کہاکہ نقلی تخم کی سربراہی کے باعث تلنگانہ کے کسان کافی نقصانات سے دوچار ہوجانے پر بھی حکومت کوئی دلچسپی کا اظہار نہیں کیا بلکہ کسانوں کو مکمل طور پر نظرانداز کیا ہے۔ کارگذار صدر پارٹی مسٹر اے ریونت ریڈی نے مذکورہ اظہار کیا اور بتایا کہ تلنگانہ میں حکومت نے سیڈز ڈیولپمنٹ کارپوریشن (تخم ڈیولپمنٹ کارپوریشن) کو مکمل ناکارہ بناکر رکھ دیا جبکہ متحدہ ریاست آندھراپردیش میں سینکڑوں کروڑ روپئے نفع میں پائے جانے والے سیڈز ڈیولپمنٹ کارپوریشن ادارہ کی املاک کو رہن رکھنے جیسے حالات پیدا کردیئے گئے۔ ریڈی نے نقلی تخم کی وجہ سے فصلوں کو ہوئے نقصانات کی مکمل ذمہ داری حکومت کو قبول کرنے کا پرزور مطالبہ کیا۔ پارٹی کی قیادت میں ایک وفد نے آج اس مسئلہ پر کمشنر ڈائرکٹر محکمہ زراعت سے ملاقات کرکے ایک تفصیلی یادداشت پیش کی اور بتایا گیا کہ مونگ پھلی کے تخم کی قیمت کو گزشتہ کے مقابلہ میں 99 فیصد کا اضافہ کیا گیا اور 50 فیصد سبسیڈی کو گھٹاکر 33 فیصد کردیا گیا۔ اس موقع پر ایس وینکٹ ویریا رکن اسمبلی تلگودیشم پارٹی بھی موجود تھے۔