چندرابابو پر ریمارکس کیخلاف انتباہ، رکن اسمبلی اے پی ہنمنت چودھری کا ردعمل
حیدرآباد ۔ /7 اکٹوبر (سیاست نیوز) سینئر قائد تلگودیشم پارٹی و رکن اسمبلی ضلع اننت پور آندھراپردیش مسٹر ہنمنت رائے چودھری نے صدر تلنگانہ راشٹرا سمیتی و چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے اپنی کار کے ناقص ہارن کی آوازیں بند کرنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ قومی صدر تلگودیشم پارٹی و چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کے خلاف مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے نازیبا ریمارکس صرف اور صرف مسٹر کے سی آر کیلئے ہی زیب دیں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ آنکھوں کے ذریعہ ڈرانے سے ہرگز کوئی ڈرنے و گھبرانے والے نہیں ہیں ۔ مسٹر ہنمنت رائے چودھری نے تلنگانہ راشٹرا سمیتی مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو سخت انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ مسٹر چندرا بابو نائیڈو کے خلاف لب کشائی کرنے اور تلگودیشم پارٹی کے ساتھ ٹکراؤ کی کوشش کرنے کی صورت میں جلکر خاکستر ہوجائیں گے ۔ علاوہ ازیں غیر شائستہ الفاظ کا استعمال کرنے پر زبان کاٹ ڈالنے کا بھی سخت انتباہ بھی دیا اور کہا کہ برسراقتدار آنے سے قبل مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے دلت قائد کو تلنگانہ کا چیف منسٹر بنانے کا وعدہ کرکے انتخابات میں کامیابی حاصل کی تھی ۔ لیکن اکثریت حاصل ہونے کے ساتھ تلنگانہ عوام کے ساتھ دھوکہ کرتے ہوئے خود ہی (کے سی آر) چیف منسٹر کے عہدہ پر فائز ہوجانا دغا بازی کا ثبوت ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہر حیدرآباد کو ترقی دیتے ہوئے مسٹر چندرا بابو نائیڈو نے ہی مالی وسائل فراہم کرنے میں اپنا اہم رول ادا کیا تھا ۔