انتخابات کی صورت میںکانگریس مقابلہ کیلئے تیار، صدر تلنگانہ پی سی سی اتم کمار ریڈی
حیدرآباد 24 اگسٹ (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے قبل ازوقت انتخابات کے نام پر عوام کو گمراہ کرنے کا چیف منسٹر کے سی آر پر الزام عائد کیا اور کہاکہ اگر انتخابات کل بھی منعقد ہوتے ہیں تو کانگریس سامنا کرنے پوری طرح تیار ہے۔ صرف کانگریس ہی سماج کے تمام طبقات سے انصاف کرسکتی ہے۔ کانگریس کے بوتھ کمیٹی صدور سے بذریعہ ٹیلی کانفرنس خطاب کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہاکہ حکومت کی ناکامیوں سے عوامی توجہ ہٹانے کے لئے کے سی آر اور ان کا خاندان ہر دن قبل ازوقت انتخابات کا ڈرامہ کررہا ہے اور نئے اعلانات کرتے ہوئے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہا ہے۔ ان کی یہ حکمت عملی کامیاب نہیں ہوگی کیوں کہ کانگریس پارٹی انتخابات کے لئے پوری طرح تیار ہے۔ کل بھی کرائے جاتے ہیں تو سامنا کرے گی اور بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی اور آئندہ ریاست میں کانگریس کی ہی حکومت تشکیل پائے گی۔ جھوٹے وعدے کرکے 2014 ء کے عام انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے والی ٹی آر ایس حکومت نے ان چار سال کے دوران ایک وعدہ بھی پورا نہیں کیا۔ ریاست کے ہر گلی نکڑ پر عوام چیف منسٹر کے علاوہ ٹی آر ایس کے تمام قائدین سے وعدوں کی عدم عمل آوری پر وضاحت طلب کریں گے۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے کانگریس کی جانب سے کئے جانے والے وعدوں کی تفصیلی وضاحت کرتے ہوئے کہاکہ کانگریس کو اقتدار حاصل ہوتے ہی یکمشت کسانوں کے 2 لاکھ روپئے تک قرضہ جات معاف کردیئے جائیں گے۔ 17 بڑی فصلوں کو اقل ترین قیمت ادا کی جائے گی۔ انشورنس پریمیم حکومت ادا کرے گی۔ سرکاری و خانگی شعبوں میں لاکھوں ملازمتیں ایجاد کی جائیں گی۔ کم از کم 10 لاکھ بے روزگاروں کو ماہانہ 3 ہزار روپئے بے روزگاری بھتہ ادا کیا جائے گا۔ چیف منسٹر کے سی آر کی جانب سے کانگریس کے وعدوں کو ناممکن قرار دینے کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہاکہ جس طرح زرعی شعبہ کو مفت برقی سربراہی کی گئی تھی ملک بھر کے کسانوں کے قرضے معاف کئے گئے، طلبہ کو فیس ریمبرسمنٹ ادا کی گئی تھی اسی طرح ان وعدوں کو بھی عملی جامہ پہنایا جائے گا۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے ٹی آر ایس کے 4 سالہ دور حکومت کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے کہاکہ سماج کے تمام طبقات حکومت سے عاجز آچکے ہیں۔ کانگریس کو اقتدار حاصل ہوتے ہی آسرا پنشن کو دوگنا کردیا جائے گا۔ کے سی آر تلنگانہ کے بجٹ کو کنٹراکٹرس کے لئے استعمال کررہے ہیں جبکہ کانگریس پارٹی عوام کے لئے استعمال کرے گی۔ ٹی آر ایس نے مسلمانوں اور قبائیلی طبقات کو 12 فیصد تحفظات فراہم کرنے کا وعدہ کیا اور اُس سے انحراف کردیا۔ ریاست میں 4 ہزار کسان خودکشی کرچکے ہیں۔ اتم کمار ریڈی نے کانگریس قائدین اور کارکنوں کو مشورہ دیا کہ وہ حکومت کی ناکامیوں کو عوام کے درمیان پہونچ کر آشکار کریں۔ خواتین سے ہونے والی ناانصافی اور ظلم و ستم پر شعور بیدار کریں۔ ریاست کی 70 لاکھ سیلف ہیلپ گروپ کی خواتین سے حق تلفی کی گئی ہے۔ کانگریس کو اقتدار حاصل ہوتے ہی ابھئے ہستم اسکیم کا احیاء کیا جائے گا۔ ہر گروپ کو ایک لاکھ روپئے گرانٹ اور 6 لاکھ گروپس کو فی کس 10 لاکھ روپئے تک بینکوں سے قرض جاری کردیا جائے گا جس کا سود حکومت ادا کرے گی۔ اتم کمار ریڈی نے کانگریس کے 31,500 پولنگ بوتھس میں سے آج 20 ہزار پولنگ بوتھ صدور سے ٹیلی کانفرنس کے ذریعہ خطاب کیا۔ مابقی پولنگ بوتھس کے صدور سے آئندہ ایک دو دن میں بات کریں گے۔