چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر کے تیسرے محاذ کے خواب کو دھکہ

صدر ترنمول کانگریس و چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے ہائی جیک کرلیا
حیدرآباد ۔ 26 ۔ جولائی (سیاست نیوز) ملک میں کانگریس اور بی جے پی کے خلاف علاقائی جماعتوں پر مشتمل تیسرے محاذ کے قیام کا خواب دیکھنے والے چیف منسٹر کے سی آر کو اس وقت مایوسی ہوئی ، جب ترنمول کانگریس کی سربراہ و چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے فیڈرل فرنٹ کی تجویز کو ہائی جیک کرلیا ۔ ممتا بنرجی نے غیر بی جے پی جماعتوں پر مشتمل محاذ کی تیاری کی تجویز پیش کی ہے جس میں کانگریس پارٹی بھی شامل ہوسکتا ہے۔ کے سی آر کو کانگریس کی شمولیت پر اختلاف ہے حالانکہ انہوں نے وضاحت کی تھی کہ اگر کانگریس محاذ میں شامل ہوگی تو اعتراض نہیں کریں گے ۔ کے سی آر کے موقف سے غیر بی جے پی جماعتوں نے اتفاق نہیں کیا جس کے نتیجہ میں ممتا بنرجی کی قیادت میں محاذ کے قیام کے امکانات روشن ہوچکے ہیں۔ علاقائی جماعتوں کو ٹی آر ایس کے اس موقف سے اختلاف ہے کہ کانگریس کے بغیر محاذ تشکیل دیا جائے ۔ ٹی آر ایس کے سربراہ کے چندر شیکھر راؤ نے تھرڈ فرنٹ کے لئے دیوے گوڑا، ایم کروناندھی ، ممتا بنرجی اور اکھلیش یادو سے ملاقات کی تھی ۔ بتایا جاتا ہے کہ ان تمام قائدین نے کانگریس کے بغیر محاذ کی تشکیل کو نامکمل قرار دیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ کانگریس ملک کی بڑی قومی جماعت ہے جو بی جے پی کا مقابلہ کر رہی ہے۔ قیادت کے مسئلہ میں بھلے ہی اختلاف ہوسکتا ہے لیکن محاذ میں کانگریس کی شمولیت پر اعتراض نہیں ہونا چاہئے ۔ حالیہ عرصہ میں ٹی آر ایس کی بی جے پی کے ساتھ بڑھتی قربت نے مخالف بی جے پی جماعتوں کو کے سی آر کے تھرڈ فرنٹ کے نظریہ سے دور کردیا ۔ علاقائی جماعتوں کی مخالفت کو دیکھتے ہوئے کے سی آر نے فرنٹ کا ارادہ ترک کردیا اور 2019 ء کے نتائج کے بعد اس مسئلہ پر غور کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسی دوران ممتا بنرجی نے فیڈرل فرنٹ کے قیام کی تیاریوں کو تیز کردیا ہے ۔ وہ 31 جولائی کو نئی دہلی پہنچ کر غیر بی جے پی قائدین کو جنوری میں فیڈرل فرنٹ کے قیام کے پروگرام میں شرکت کیلئے مدعو کریں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ ممتا بنرجی نے کے سی آر کو مدعو کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تاہم وہ راست ملاقات کے بجائے ٹی آر ایس ار کان پارلیمنٹ کو دعوت نامہ حوالے کریں گی ۔ واضح رہے کہ کرناٹک میں ایچ ڈی کمارا سوامی کی تقریب حلف برداری میں شرکت سے کے سی آر نے گریز کیا تھا ۔ انہوں نے کانگریس اور تلگو دیشم قائدین کے ساتھ اسٹیج شیئر کرنے سے بچنے کیلئے یہ فیصلہ کیا تھا اور حلف برداری سے ایک دن قبل بنگلور پہنچ کر کمارا سوامی کو مبارکباد پیش کی ۔ ٹی آر ایس حلقوں کا کہنا ہے کہ کانگریس کی شمولیت کے ساتھ کوئی بھی فرنٹ اس کے لئے قابل قبول نہیں رہے گا۔ کانگریس تلنگانہ میں اہم حریف ہے ، لہذا کے سی آر ، ممتا بنرجی کے فیڈرل فرنٹ میں شمولیت کے لئے تیار نہیں۔ مختلف علاقائی جماعتوں نے تجویز پیش کی ہے کہ فیڈرل فرنٹ کی قیادت ممتا بنرجی کو سونپی جائے۔ ایسے وقت جبکہ کانگریس ورکنگ کمیٹی نے وزیراعظم کے عہدہ کیلئے راہول گاندھی کے نام کو آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ دیگر جماعتیں ممتا بنرجی کے نام کی تجویز پیش کر رہی ہے ۔ دیکھنا یہ ہے کہ ممتا بنرجی کی مساعی کس حد تک کامیاب رہے گی ۔ سیاسی مبصرین کا خیال ہے کہ کانگریس سے مقابلہ کیلئے ٹی آر ایس تلنگانہ میں بی جے پی سے مفاہمت کرسکتی ہے۔ گزشتہ دنوں لوک سبھا میں وزیراعظم نریندر مودی نے چیف منسٹر کے سی آر کی ستائش کی تھی جس کے بعد ان اطلاعات کو تقویت حاصل ہوچکی ہے کہ 2019 ء میں بی جے پی اور ٹی آر ایس مفاہمت کرتے ہوئے انتخابات میں حصہ لیں گے۔