چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر کی رعایا پروری اور اقلیت نوازی بے مثال

ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کی سفارش پر صدور نشین کی نامزدگی ، عنقریب مزید تقررات
حیدرآباد ۔ 5 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : ریاست تلنگانہ میں گنگا جمنی تہذیب کو برقرار رکھتے ہوئے ہر طبقہ کی ترقی و بہبود کے اقدامات جاری ہیں ۔ چیف منسٹر نے آج شہر میں رام نومی تہوار کے موقع پر پولیس کے ذریعہ وسیع انتظامات کرتے ہوئے برقراری امن کے لیے زبردست اقدامات کئے ہیں ۔ اس طرح نامزد عہدوں میں مسلم قائدین کو موقع فراہم کرتے ہوئے چیف منسٹر نے ایک نئی تاریخ رقم کی ہے ۔ ڈپٹی چیف منسٹر مسٹر محمود علی کی جانب سے فراہم کردہ فہرست میں چیف منسٹر ریاست کے تمام علاقوں کے تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے ناموں کا انتخاب کیا ۔ ریاست تلنگانہ میں مسلمانوں کی ترقی کے اقدامات کے ساتھ ساتھ پارٹی سے وابستہ مسلم اقلیتی قائدین کو بھی بہترین مواقع فراہم کئے جارہے ہیں ۔ چیف منسٹر نے اپنے با اعتماد رفیق محمود علی کو ڈپٹی چیف منسٹر کا عہدہ دیا ۔ جب کہ پڑوسی ریاست میں دیکھا جائے تو اس ریاست میں ایک بھی مسلم وزیر نہیں ۔ تلنگانہ کے چیف منسٹر جو مسلم تہذیب سے بخوبی واقفیت رکھتے ہیں اور ڈپٹی چیف منسٹر پر بھر پور اعتماد کرتے ہیں ۔ نامزد عہدوں کے لیے چیف منسٹر نے ڈپٹی چیف منسٹر مسٹر محمود علی کو فہرست تیار کرنے کی ہدایت دی تھی اور ڈپٹی چیف منسٹر کے امیدواروں کی طویل فہرست میں سے چیف منسٹر نے مقام ، علاقہ اور شخصیت اور عہدے کی اہمیت کو دیکھتے ہوئے امیدواروں کا انتخاب کیا ۔ اس کے علاوہ ڈپٹی چیف منسٹر کی جانب سے اقلیتی اسکیمات پر ان کی نگرانی اور عمل آوری کے متعلق مثالی اقدامات جاری ہیں ۔ نامزد عہدوں پر مسلم قائدین کے تقررات کو تاریخی اقدام قرار دیتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر مسٹر محمود علی نے چیف منسٹر سے اظہار تشکر کیا اور بتایا کہ ان کی سفارش پر محمد سلیم ، عنایت علی باقری ، یوسف زاہد ، شیخ بڈھن بیگ ، سید عبدالعلیم اور سید اکبر حسین کے ناموں کو قطعیت دی ۔ انہوں نے بتایا کہ عنقریب دیگر اداروں کے صدور کا انتخاب اور تمام اداروں میں بورڈ آف ڈائرکٹرز کے تقررات عمل میں لائے جائیں گے ۔ چیف منسٹر کے اس فیصلے سے پارٹی کے اقلیتی قائدین کافی خوش ہیں ۔ اور ان میں پارٹی کے لیے کام کرنے کا جوش و جذبہ پایا جاتا ہے اور اقلیتی قائدین چیف منسٹر کو رعایا پرور اور اقلیت نواز حکمراں تصور کرتے ہیں اور ان کی کارکردگی سے ریاست کی صد فیصد عوام مطمئن ہیں ۔۔