چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر کا دورہ دہلی

حیدرآباد ۔18 ۔ جون ۔ (سیاست نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ 26 جون کو کل جماعتی وفد کے ساتھ نئی دہلی روانہ ہوں گے جہاں پولاورم آرڈیننس کے مسئلہ پر مرکزی حکومت سے نمائندگی کی جائے گی ۔ مرکزنے کھمم ضلع کے 7 منڈلوں کو آندھراپردیش میں ضم کرتے ہوئے حال ہی میں آرڈیننس جاری کیا جس کی تلنگانہ حکومت کی جانب سے مخالفت کی جارہی ہے۔ پولاورم پراجکٹ کی تعمیر کو یقینی بنانے کیلئے ان علاقوں کو آندھراپردیش میں شامل کیا جارہا ہے جبکہ تلنگانہ حکومت کا مطالبہ ہے کہ مرکز پولاورم کے ڈیزائن میں تبدیلی کے ذریعہ ان منڈلوں کا تحفظ کرے۔ ریاستی اسمبلی میں اس سلسلہ میں قرارداد منظور کرتے ہوئے آرڈیننس کی منسوخی کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ چیف منسٹر کی قیادت میں کل جماعتی وفد توقع ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی اور آبی وسائل کے مرکزی وزیر سے ملاقات کرے گا۔ کل جماعتی وفد میں شمولیت کیلئے تمام جماعتوں نے اتفاق کرلیا ہے۔