کمشنر ایچ ایم ڈی جناردھن ریڈی کے اچانک تبادلے پر شکوک و شبہات ، سی ایچ وینکٹ ریڈی
حیدرآباد ۔ 31 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ ریاستی سی پی آئی کمیٹی نے کمشنر حیدرآباد میٹرو ڈیولپمنٹ اتھاریٹی ( ایچ ایم ڈی اے ) مسٹر جناردھن ریڈی کے اچانک تبادلہ کرنے کی پر زور مخالفت کرتے ہوئے حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ جناردھن ریڈی کے تبادلہ کی وجہ سے سیاسی و اعلیٰ عہدیداروں کے حلقوں میں کئی ایک شکوک و شبہات کا اظہار پایا جارہا ہے اور حکومت پر محض اپنے ذاتی مفادات کے لیے انتہائی فعال و کارکرد اور دیانتدار عہدیدار کو نشانہ بنانے کا الزام عائد کیا جارہا ہے ۔ سی ایچ وینکٹ ریڈی سکریٹری تلنگانہ ریاستی سی پی آئی کمیٹی نے اپنے ایک بیان میں یہ بات کہی اور بتایا کہ ریاست میں کے چندر شیکھر راؤ کی زیر قیادت حکومت کے دوسری مرتبہ اقتدار حاصل ہونے کے ساتھ ہی چندر شیکھر راؤ کے آمرانہ طرز عمل میں مزید اضافہ ہوا ہے اور سب سے پہلے ضلع کلکٹر سوریہ پیٹ ، مسٹر سریندر موہن ، ورنگل میونسپل کمشنر مسٹر گوتم کمار اور اب سینئیر آئی اے ایس عہدیدار مسٹر جناردھن ریڈی کو بلاوجہ صرف چند گھنٹوں میں تبادلہ کردیا گیا ۔ جو کہ انتہائی غلط اقدام ہے کیوں کہ سیاسی دباؤ میں نہ آکر انتہائی دیانتداری کے ساتھ خدمات انجام دینے والے عہدیداروں کی حکومت کو ضرورت نہیں ہے اور اچانک ایسے فعال و کارکرد اور دیانتداری کے ساتھ خدمات انجام دنے والے عہدیداروں کے اچانک تبادلے کئے جانے کی وجہ سے حکومت کے تعلق سے عوام میں غلط تاثرات پائے جارہے ہیں ۔ وینکٹ ریڈی سکریٹری تلنگانہ ریاستی سی پی آئی کمیٹی نے حکومت کو اس طرح کے طرز عمل سے باز آجانے کا مشورہ دیا ۔۔