چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر کا آج واٹر گرڈ اسکیم کا جائزہ اجلاس

حیدرآباد۔/3جنوری، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کل 4جنوری کو واٹر گرڈ اسکیم پر عمل آوری کا جائزہ لینے کیلئے مختلف محکمہ جات کے ساتھ اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس منعقد کریں گے۔سرکاری ذرائع کے مطابق چیف منسٹر کل کیرالا کے دورہ سے واپسی کے بعد شہر کے ایک فائیو اسٹار ہوٹل میں اجلاس منعقد کریں گے جس میں پنچایت راج، برقی، آبپاشی اور جنگلات کے عہدیدار شرکت کریں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر واٹر گرڈ اسکیم پر موثر انداز میں عمل آوری کو یقینی بنانے کیلئے اس اجلاس کو طلب کیا ہے۔ اجلاس میں ضلع واری سطح پر اسکیم پر عمل آوری کی حکمت عملی طئے کی جائے گی۔ ذرائع نے بتایا کہ چیف منسٹر کے روبرو مختلف محکمہ جات کی جانب سے پاور پوائنٹ پریزنٹیشن اور اسکیم پر عمل آوری کے سلسلہ میں تجاویز پیش کی جائیں گی۔