چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر کا آج اور کل دورہ اضلاع

منادر میں خصوصی پوجا ، این ٹی پی سی کے پلانٹ کا جائزہ ، کلکٹرس اور عہدیداروں کو ہدایت
حیدرآباد۔17مئی (سیا ست نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ 18اور 19مئی کو ریاست کے اضلاع کا دورہ کرتے ہوئے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لینے کے علاوہ منادر میں خصوصی پوجا انجام دیں گے۔ کے چندر شیکھر راؤ 18 مئی کو حیدرآباد سے راما گنڈم کے لئے روانہ ہوں گے جہاں وہ این ٹی پی سی کے پلانٹ کا معائنہ کریں گے اور بعد ازاں ریاست کی تنظیم جدید کے سلسلہ میں تیار کئے گئے قانون کے مطابق قائم کئے جانے والے تلنگانہ سوپر تھرمل پاؤر پراجکٹ کا معائنہ کریں گے۔راما گنڈم میں ان پراجکٹس کے معائنہ کے بعد چیف منسٹر جینکو کے عہدیداروں کے ہمراہ جائزہ اجلاس منعقدکرتے ہوئے پراجکٹس کی صورتحال سے آگہی حاصل کرتے ہوئے انہیں پراجکٹس کو مزید بہتر بنانے کے اقدامات اور ان پراجکٹس کی پیداوار میں اضافہ کے سلسلہ میں تیار کی جانے والی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کریں گے۔کے۔ چندر شیکھر راؤ اس جائزہ اجلاس میں شرکت کے بعد کالیشورم مندر کے درشن کے لئے روانہ ہوں گے جہاں وہ خصوصی پوجا میں شرکت کے بعد وہاں سے کنا پلی پمپ ہاؤز اور میدی گڈہ بیارجس کا معائنہ کریں گے اور ان پراجکٹس کی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد شہر حیدرآباد واپس ہوں گے۔ حکومت تلنگانہ کی جانب انجام دیئے جانے والے ان پراجکٹس کے معائنہ کے سلسلہ میں چیف منسٹر کے دورہ کو قطعیت دینے کے بعد ان مقامات کے عہدیداروں بالخصوص ضلع کلکٹرس اور اعلی پولیس عہدیداروں کے علاوہ متعلقہ پراجکٹس کے عہدیداروں کو مطلع کرتے ہوئے انہیں ہدایت دی گئی ہے کہ وہ چیف منسٹر کے دورہ کے پیش نظر چوکس رہیں اور جائزہ اجلاس کے دوران کئے جانے والے استفسار کے سلسلہ میں تیا ررہنے کے علاوہ مستقبل کی حکمت عملی کے متعلق رپورٹس بھی ساتھ رکھیں تاکہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے دورہ اورمعائنہ کے علاوہ جائزہ اجلاس میں ضرورت پڑنے پر پیش کیا جاسکے ۔