غیر جمہوری پالیسیوں سے باز آنے کا مشورہ ، ٹی ویرا بھدرم سکریٹری سی پی آئی ایم تلنگانہ
حیدرآباد ۔ 29 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : سکریٹری سی پی آئی ایم تلنگانہ ریاستی کمیٹی مسٹر ٹی ویرا بھدرم نے تلنگانہ حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ پر آمریت پر مبنی حکومت چلانے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ چیف منسٹر ان پر تنقیدیں کرنے والوں کو سختی سے کچل ڈالنے ، انہیں خوف زدہ کرنے کے مقصد سے ہی تنقیدیں کرنے والوں کو جیل بھیجنے کے لیے ہی آئی پی سی کی دفعات 506 اور 507 کو حکومت نے ناقابل ضمانت دفعات ( نان بیلیبل سیکشن ) میں تبدیل کیا ہے اور یہ تمام ترمیمات چیف منسٹر کی آمرانہ ذہنیت کو ثابت کرتی ہیں ۔ انہوں نے دریافت کیا کہ آیا حصول علحدہ ریاست تلنگانہ جدوجہد کے موقع پر خود مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے انتہائی نازیبا الفاظ کرنے پر انہیں جیل کو روانہ کردیا جاتا تو وہ جدوجہد کس طرح چلا سکتے تھے ؟ مسٹر ٹی ویرا بھدرم نے چیف منسٹر سے اپنی غیر جمہوری پالیسیوں سے باز آجانے کی پر زور خواہش کی ۔ سکریٹری کمیٹی نے شیڈولڈ کاسٹس طبقہ کی زمرہ بندی کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر مرکز میں برسر اقتدار بی جے پی زیر قیادت حکومت پارلیمنٹ میں شیڈولڈ کاسٹ طبقہ کی زمرہ بندی سے متعلق بل پیش کرنے کی صورت میں سی پی آئی ایم کی جانب سے بل کی مکمل تائید کی جائے گی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسٹر مندا کرشنا مادیگا بانی صدر مادیگا ریزرویشن پوراٹا سمیتی نے ملاقات کر کے زمرہ بندی کے مسئلہ پر منعقد کی جانے والی گول میز کانفرنس میں شرکت کرنے کی خواہش کی ۔ جس پر مسٹر ویرا بھدرم نے اپنے مثبت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے گول میز کانفرنس میں شرکت سے اتفاق کیا تھا ۔۔