آبپاشی پراجکٹس پر چیف منسٹر کا ذہن کارفرما، ٹی ہریش راؤ وزیر آبپاشی
حیدرآباد۔ 28۔ مئی ( سیاست نیوز) وزیر آبپاشی ہریش راؤ نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ ایک بڑے انجنیئر ہیں اور ریاست میں آبپاشی پراجکٹس کی تعمیر اور ایک کروڑ ایکر اراضی کو پانی سیراب کرنے کے منصوبہ کے پس پردہ چیف منسٹر کا ذہن کارفرما ہے۔ محکمہ آبپاشی کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ ریاست کو خشک سالی سے نجات دلانے کیلئے پراجکٹس کی تعمیر ضروری ہے اور پراجکٹس کی ڈیزائننگ اور ان کی تبدیلی میں چیف منسٹر نے اہم رول ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل کے مسائل کو دیکھتے ہوئے پراجکٹس کی تعمیر ضروری ہے اور اس سلسلہ میں اپوزیشن جماعتوں کی مخالفت افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں کسانوں اور عوام کو بہتر پانی کی سربراہی حکومت کا منصوبہ ہے اور یہی وجہ ہے کہ بعض پراجکٹس کے ڈیزائین میں تبدیلی کی گئی۔ ہریش راؤ نے کہا کہ ابھی تک 40,000 ملازمین کے تقررات کا عمل شروع کیا گیا ہے۔ تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن نے اس سلسلہ میں اعلامیہ جاری کیا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ آبپاشی میں 5 جون کو سیول کی 112 ، میکانیکل 12 کے عہدوں پر تقرر کئے گئے افراد کو 6 جون کو تقرر کے احکامات حوالے کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ محکمہ آبپاشی میں درکار جائیدادوں پر تقررات کیلئے حکومت تیار ہے اور مرحلہ وار انداز میں پبلک سرویس کمیشن کے ذریعہ تقررات عمل میں آئیں گے ۔ انہوں نے اپوزیشن جماعتوں کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ حقائق سے واقفیت کے بغیر ہی اپوزیشن جماعتیں پراجکٹس کی مخالفت کر رہی ہیں۔
کملانہرو پالی ٹیکنک فار ویمن میں کنٹراکٹ تقرر کیلئے درخواستیں مطلوب
حیدرآباد ۔ 28 مئی (پریس نوٹ) کملا نہرو پالی ٹیکنک فار ویمن، نمائش میدان، حیدرآباد میں ان ۔ ایڈیڈ کورسیس کے تحت عارضی، کنٹراکٹ اساس پر جونیر اسسٹنٹ اور جونیر اسٹینوگرافر کے پوسٹ پر تقرر کیلئے امیدواروں سے درخواستیں مطلوب ہیں۔ جونیر اسسٹنٹ کیلئے امیدوار بی کام کامیاب ہو اور ایم ایس آفس کی مکمل نالج ہونا چاہئے۔ جونیر اسٹینو گرافر کیلئے کوئی ڈگری کامیاب ہو اور انگلش ٹائپ رائٹنگ ہائر گریڈ میں گورنمنٹ ٹیکنیکل امتحان کامیاب ہو اور انگلش شارٹ ہینڈ لوور گریڈ میں گورنمنٹ ٹیکنکل امتحان کامیاب ہو اس کے مماثل ہو۔ اہل امیدوار ان کی درخواست تمام درکار تعلیمی سرٹیفکیٹس کے ساتھ دفتر کملا نہرو پالی ٹیکنک فار ویمن، نمائش میدان، نامپلی، حیدرآباد میں داخل کرسکتے ہیں۔ درخواست داخل کرنے کی آخری تاریخ 6 جون 2016ء ہے۔