حیدرآباد۔/13فبروری، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ واستو پر کچھ زیادہ ہی یقین رکھتے ہیں جس کا اظہار ان کی روز مرہ سرگرمیوں سے ہورہا ہے۔ چیف منسٹر نے سکریٹریٹ کا واستو ٹھیک نہ ہونے کا عذر پیش کرتے ہوئے اسے ایرا گڈہ منتقل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے جس کے خلاف تمام اپوزیشن جماعتیں احتجاج کررہی ہیں۔ واستو پرچیف منسٹر کے ایقان کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ انہوں نے واستو کے ماہر ایس سدھاکر تیجا کو حکومت کا مشیر مقرر کردیا۔ سدھاکر تیجا کئی برسوں سے چندر شیکھر راؤ سے کافی قریب ہیں اور کسی بھی کام کے آغاز سے قبل چندر شیکھر راؤ ان سے واستو کے بارے میں رائے حاصل کرتے ہیں۔ تلنگانہ بھون کی تعمیر اور اپنی قیامگاہ کے باب الداخلہ کے سلسلہ میں بھی انہوں نے واستو کو اہمیت دی تھی۔ چیف منسٹر کی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد کے سی آر سکریٹریٹ کے سی بلاک میں واقع چیف منسٹر چیمبر میں داخل ہونے تیار نہیں تھے۔ انہوں نے واستو کی خرابی کو درست کرنے کیلئے چیمبر میں کئی تبدیلیاں کیں اور اس کے بعد ہی چیمبر میں قدم رکھا۔ وہ سکریٹریٹ کی ایرا گڈہ منتقلی سے قبل موجودہ سکریٹریٹ کے اہم باب الداخلہ اور دیگر راستوں میں بھی واستو کے مطابق تبدیلی کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے اپنی سرکاری قیامگاہ اور کیمپ آفس میں بھی واستو کے مطابق کئی تبدیلیاں کیں۔ چیف منسٹر کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ صبح گھر سے نکلنے سے لیکر شام تک کی سرگرمیوں میں واستو کا بڑا دخل ہوتا ہے اور وہ اپنی سرکاری سرگرمیوں کے اوقات بھی واستو کے مطابق طئے کرتے ہیں۔ چیف منسٹر کے واستو پر غیر معمولی ایقان اور بدشگونی کے اندیشہ کا تازہ نشانہ آئی اے ایس اور آئی پی ایس عہدیداروں کا کلب بن چکا ہے جو چیف منسٹر کی سرکاری قیامگاہ سے متصل ہے۔ بیگم پیٹ میں چیف منسٹر کی قیامگاہ سے متصل آئی اے ایس، آئی پی ایس ریکریشن کلب میں موجود سوئمنگ پول چیف منسٹر کے واستو کا نشانہ بن گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ واستو ماہرین کے مشورہ پر چیف منسٹر نے سوئمنگ پول بند کرنے کی ہدایت دی اور کلب کے عہدیداروں کی اطلاع کے بغیر ہی گزشتہ دو دن سے ریت اور مٹی لاریوں کے ذریعہ لاکر سوئمنگ پول میں ڈالا جارہا ہے تاکہ اسے مکمل طور پر بند کردیا جائے۔ کلب کے عہدیدار حیرت میں ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ سوئمنگ پول کی موجودگی کو چیف منسٹر کیلئے بدشگونی قرار دیا گیا جس کے بعد انہوں نے سوئمنگ پول بند کرنے کی ہدایت دی۔ اس سلسلہ میں جب اس کلب کے عہدیدار چیف منسٹر سے رجوع ہوئے تو بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر نے کلب کی منتقلی کا مشورہ دیا۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ شہر کے کسی اور مقام پر اراضی کی نشاندہی کی جائے تو وہ نئے ریکریشن کلب کی تعمیر کیلئے 40کروڑ روپئے منظور کرنے کیلئے تیار ہیں۔ اس صورتحال میں آئی اے ایس اور آئی پی ایس عہدیدار تذبذب کا شکار ہیں کہ آخر کیا فیصلہ کریں۔ عہدیداروں کا ماننا ہے کہ اگر وہ چیف منسٹر کی تجویز کو قبول نہیں کریں گے تو واستو کے نام پر کسی بھی صورت میں کلب کو بند کردیا جائے گا۔