چیف منسٹر تلنگانہ کا روایت سے انحراف

عازمین حج کو وداع کرنے سے قاصر،شیخ عبداللہ سہیل کا بیان
حیدرآباد ۔ 27 اگست (سیاست نیوز) صدر گریٹر حیدرآباد سٹی کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ مسٹر شیخ عبداللہ سہیل نے چیف منسٹر کی جانب سے عازمین کو روانہ کرنے کیلئے حج ہاؤز نہ پہنچنے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اپنے آپ کو اقلیتوں کے دوست قرار دینے والے کے سی آر نے قدیم روایت سے انحراف کرتے ہوئے تلنگانہ کے مسلمانوں کو مایوس کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقدس فریضہ حج کیلئے روانہ  ہونے والے عازمین کو چیف منسٹرس کی جانب سے وداع کرنے کی روایت گذشتہ 16 سال سے چلی آرہی ہے۔ اتوار کو عازمین کا آخری قافلہ روانہ ہورہا ہے، مگر آج تک چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر عازمین کو روانہ کرنے کیلئے حج ہاؤز نامپلی نہیں پہنچے، جس سے اندازہ ہورہا ہیکہ انہیں مسلمانوں سے کتنی ہمدردی ہے۔ ایسا لگتا ہے بی جے پی اور سنگھ پریوار کو خوش کرنے کیلئے چیف منسٹر نے حج ہاؤز کا دورہ نہیں کیا ہے۔ شیخ عبداللہ سہیل نے چیف منسٹر کے سی آر تلنگانہ میں اقلیتی اداروں بورڈ و کارپوریشنس کی تشکیل کو نظرانداز کرتے ہوئے اقلیتی مسائل کو نظرانداز کررہے ہیں جس کی کانگریس پارٹی سخت مذمت کرتی ہے۔ صدر گریٹر حیدرآباد سٹی کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ نے کہا کہ 2 سال قبل 16 ستمبر 2014ء کو چیف منسٹر کے سی آر نے عازمین سے خطاب کرتے ہوئے وعدہ کیا تھا حج ہاؤز کے احاطے میں تعمیر ہونے والے حج ہال سے متعلق بلڈنگ پرمیشن کے بقایا جات 4.6 کروڑ اندرون 24 گھنٹے جاری کرنے کا اعلان کیا تھا۔ 24 ماہ گذرنے کے باوجود چیف منسٹر نے اللہ کے مہمانوں کے سامنے کئے ہوئے وعدے کو ابھی تک پورا نہیں کیا ہے۔ مسٹر شیخ عبداللہ سہیل نے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ چیف منسٹر کی دھوکہ دہی، وعدہ خلافی اور نظرانداز کرنے کا سخت نوٹ لیں۔