اسکیمات پر عمل آوری اور دیگر امور پر تجاویز حاصل کرنے کا منصوبہ
حیدرآباد ۔23 ۔ جون ۔ (سیاست نیوز) چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کل 24 جون کو ضلع کلکٹرس کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے تلنگانہ میں سرکاری اسکیمات پر عمل آوری کے سلسلہ میں اپنی ترجیحات سے واقف کرائیں گے ۔ چیف منسٹر کی حیثیت سے ذمہ داری سنبھالنے کے بعد چندر شیکھر راؤ کل پہلی مرتبہ 10 اضلاع کے ضلع کلکٹرس اور سپرنٹنڈنس آف پولیس سے ملاقات کریں گے۔ یہ ملاقات اس اعتبار سے بھی اہمیت کی حامل ہے کہ ٹی آر ایس حکومت نے فلاحی اسکیمات پر توجہ مبذول کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ کلکٹر کے ساتھ اجلاس میں ٹی آر ایس کی جانب سے کئے گئے انتخابی وعدوں کی تکمیل کے سلسلہ میں کلکٹرس کی رائے حاصل کی جائے گی ۔ کسانوں کو قرضہ جات کی معافی اور برقی صورتحال پر بہتری کیلئے کلکٹرس کو ضروری ہدایات جاری کی جائیں گی۔ نئی ریاست تلنگانہ کی تعمیر نو کے سلسلہ میں ضلع کلکٹرس سے تجاویز پر حاصل کرنے کا منصوبہ ہے۔ چندر شیکھر راو ضلع کلکٹر سے خطاب کرتے ہوئے اپنی حکومت کی ترجیحات اور عوامی بہبود کے منصوبہ سے واقف کرائیں گے ۔