پٹنہ ۔ /22 فبروری (سیاست ڈاٹ کام ) جے ڈی (یو) کے سینئر لیڈر نتیش کمار نے آج شام بہار کے چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف لے لیا ۔جس کے ساتھ ہی گزشتہ چند ہفتوں سے جاری سیاسی بحران ختم ہوگیا ۔ 9 ماہ قبل انہوں نے 2014 ء کے عام انتخابات میں اپنی پارٹی کی بدترین شکست کے بعد اس عہدہ سے استعفی دیدیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ قبل ازیں شروع کردہ اپنی ترقیاتی اسکیموں کو تیزی کے ساتھ روبعمل لائیں گے ۔ 66 سالہ نتیش کمار کو گورنر کیسری ناتھ ترپاٹھی نے عہدہ اور رازداری کا حلف دلایا ۔ پٹنہ کے راج بھون میں منعقدہ سادہ تقریب میں مسٹر کمار کے ساتھ 22 وزراء کو بھی حلف دلایا گیا ۔ گورنر نے انہیں /16 مارچ تک ایوان اسمبلی میں اپنی اکثریت ثابت کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ حلف برداری کی تقریب شام 5 بجکر 14 منٹ پر شروع ہوئی ۔ اس سے قبل نتیش کمار بحیثیت چیف منسٹر چوتھی مرتبہ حلف لئے ہیں ۔ حلف برداری سے قبل انہوں نے اپنے حریف اور سابق چیف منسٹر جتن رام مانجھی سے مصافحہ کیا ۔ حلف لینے والے دیگر وزراء میں رام دھن سنگھ ، راجیو رنجن لالن سنگھ ، اودھیش کشوریا ، جئے کمار سنگھ ، شیام راجک کے علاوہ وجئے چودھری اور دامودر راوت نے حلف لیا ۔ مسٹر نتیش کمار /26 نومبر 2010 ء کو تیسری مرتبہ چیف منسٹر کے عہدہ پر فائز ہوئے تھے اور عام انتخابات میں اپنی پارٹی جے ڈی(یو) کی شکست کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے /17 مئی 2014 ء کو اس عہدہ سے مستعفی ہوتے ہوئے اپنے ایک بااعتماد رفیق جتن رام مانجھی کو برائے نام چیف منسٹر کی حیثیت سے مقرر کیا تھا لیکن مانجھی نے بعد ازاں ان کے خلاف بغاوت کردی تھی ۔ مسٹر نتیش کمار /7 مارچ 2000 ء کو چیف منسٹر کے عہدہ پر پہلی مرتبہ فائز ہوئے تھے لیکن ساتویں ہی روز یعنی /10 مارچ 2010 ء کو انہیں یہ عہدہ چھوڑنا پڑا تھا ۔ دوسری مرتبہ وہ /24 نومبر 2005 ء تا /24 نومبر 2010 ء تک اس عہدہ پر فائز رہے تھے ۔ گزشتہ سال انتخابی شکست کے بعد چیف منسٹر کے عہدہ سے استعفی پر مسٹر نتیش کمار نے آج اپنی حلف برداری سے قبل عوام سے معذرت خواہی کی اور کہا کہ وہ اپنی باقی میعاد کے دوران ترقیاتی اسکیمات کو روبعل لاتے ہوئے انتخابی وعدوں کی تکمیل کریں گے ۔ باور کیا جاتا ہے کہ جے ڈی (یو) کی دو نئی حلیف جماعتوں آر جے ڈی اور کانگریس نے بھی وزارت میں شمولیت سے دلچسپی ظاہر کی ہے تاہم اسمبلی میں اکثریت ثابت کئے جانے کے بعد ہی قطعی فیصلہ کیا جائے گا ۔