چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے گجراتی ہم منصب سے بات کی

پٹنہ 8 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے آج کہاکہ اُنھوں نے اپنے گجراتی ہم منصب وجئے روپانی سے بات کی اور مغربی ریاست میں غیر گجراتی لوگوں بشمول بہار والوں پر حملوں کے تعلق سے تشویش کا اظہار کیا۔ 14 ماہ کی لڑکی کی مبینہ ریپ کی سخت مذمت کرتے ہوئے جس سے پرتشدد حملے چھڑگئے، نتیش کمار نے کہاکہ خاطی کو ضرور سزا ملنی چاہئے لیکن ساری کمیونٹی کو یکساں طور پر خاطی نہیں سمجھا جانا چاہئے۔ نتیش کمار نے یہاں میڈیا والوں کو بتایا کہ ہماری حکومت باعلم اور چوکس ہے۔ میں نے چیف منسٹر گجرات سے اتوار کو بات کی۔ ہمارے چیف سکریٹری اور ڈائرکٹر جنرل آف پولیس بھی گجرات میں اپنے ہم منصب عہدیداروں کے ساتھ ربط میں ہیں۔ اگر کسی نے کوئی جرم کیا ہے تو اُسے سخت سزا ضرور ملنا چاہئے لیکن کسی ایک واقعہ کے سبب عوام اُسے عمومی رنگ نہ دیں اور ساری ریاست کے خلاف تشدد کا راستہ اختیار نہ کرلیں۔