چندرا بابو نائیڈو کا حصول جائزہ ، نئے سکریٹریٹ میں آج کابینی اجلاس
حیدرآباد /30 نومبر ( سیاست نیوز ) چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے ویلگاپوڈی ریاستی سکریٹریٹ میں اپنا جائزہ حاصل کیا۔ نائیڈو کی نئی سکریٹریٹ آمد پر اعلی عہدیداروں ، وزراء اور ملازمین سکریٹریٹ نے ان کا شاندار استقبال کیا ۔ اس موقعہ پر نائیڈو نے کہا کہ اب سے آندھراپردیش کا مکمل نظم و نسق و تمام تر سرگرمیاں ویلگاپوڈی سکریٹریٹ سے ہی انجام دی جائیں گی ۔ انہوں نے ریاست کی تقسیم پر اپنے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سابق میں ریاست کی تقسیم کے موقع پر نہتے اور پہنے ہوئے کپڑوں سے ہی ہم کو آنا پڑا تھا اور کرنول کو راجدھانی بنانے گئے وقت بھی ہمارے ساتھ زبردست ناانصافی ہوئی تھی ۔ چندرا بابو نے کہا کہ شہر حیدرآباد میں ریاست آندھراپردیش کیلئے کیمپ آفس نہ رہنے کی وجہ سے کئی دنوں تک لیک ویو گیسٹ ہاوز میں قیام کرنا پڑا اور پھر اس کے بعد بس میں دورہ کرتے ہوئے ریاستی نظم و نسق چلایا گیا اور پھر اب ویلگاپوڈی کا رخ اختیار کرنے پر مجبور ہونا پڑا ۔ کیونکہ تمام سرکاری ملازمین و عہدیدار بھی اپنی کئی قربانیاں دے کر یہاں آئے ہوئے ہیں جس کے پیش نظر ہی انہیں بھی حالات یہاں آنے پر مجبور کر دئے ۔ چیف منسٹر نے پرزور الفاظ میں کہا کہ ریاستی سرکاری ملازمین کو کسی نوعیت کی تکالیف نہ دینے جیسے اقدامات کئے جائیں گے اور ریاستی عوام کو کسی قسم کی تکلیف نہ ہونے جیسے اقدامات کرنے کی ذمہ داری آپ تمام ( ملازمین ) پر عائد ہوگی ۔ انہوں نے سرکاری ملازمین پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آپ ہم تمام ایک ہی خاندانی افراد ہیں اور میں صرف خاندان کا بڑا ہوں ۔ چندرا بابو نائیڈو نے واضح طور پر کہا کہ ہر ایک کیلئے قابل قبول راجدھانی تعمیر عمل میں لائی جائے گی اور ریاست کی عوام کیلئے مثالی حکومت و نظم و نسق فراہم کیا جائے گا اور اس کیلئے ملازمین کے بھرپور تعاون کی شدید ضرورت ہے ۔ پروگرام سے ایک دن قبل ہی انہو ںنے عارضی سکریٹریٹ سے کام کا آغاز کر رہے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق یکم ڈسمبر کو ویلگاپوڈی سکریٹریٹ میں ہی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوگا ۔