حیدرآباد،16 جنوری (یواین آئی) آندھراپردیش کے وزیراعلی این چندرابابونائیڈو عالمی معاشی فورم کی میٹنگ میں شرکت کے لئے ریاستی وفد کے ساتھ ڈاؤس پہنچ گئے ۔ عالمی معاشی فورم کے منیجنگ بورڈ کے رکن فلپ روسلر نے انہیں مدعو کیا ہے ۔ وزیراعلی اپنے پانچ روزہ دورہ کے دوران 45 تا 50 باہمی اجلاس میں شرکت کریں گے ۔ اس کے علاوہ وہ آندھراپردیش اکنامک ڈیولپمنٹ بورڈ کی میٹنگ میں بھی شرکت کریں گے ۔ 17جنوری کو چندرا بابو نائیڈو صدرنشین جیٹرو ہیرویوکی ایشی گے ‘ شیرے انٹرنیشنل کی نس کم اسٹراٹان کے علاوہ چانسلر یونیورسٹی آف کیلیفورنیا برکلی نکولاس ڈرکس سے ملاقات کریں گے ۔ شام میں وہ ٹائم انڈیا ایوارڈس کی تقریب میں شرکت کریں گے اور سی پی پی انوسٹمنٹ بورڈ و گلوبل فنڈ گروپ کے ساتھ اجلاس میں شرکت کریں گے ۔ 18جنوری کو چندرا بابو صدرنشین سنگاپور ای ڈی جی بہہسوائم گن سے باہمی ملاقات کریں گے اور عالمی مالیاتی و نگہداشت صحت کی سرکردہ کمپنیوں کے نمائندوں سے تبادلہ خیال کریں گے ۔