تقسیم ریاست کے موقع پر دیئے گئے
تیقنات پر عمل آوری کیلئے جدوجہد
حیدرآباد ۔ یکم اپریل ( سیاست نیوز) قومی صدر تلگودیشم پارٹی و چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرا بابونائیڈو قانون تقسیم ریاست آندھراپردیش میں شامل امور ‘ مرکزی حکومت کی جانب سے ریاست کو دیئے ہوئے تیقنات پر عمل آوری کیلئے کی جانے والی جدوجہد کے ایک حصہ کے طور پر 3اپریل کو دہلی روانہ ہوں گے اور توقع ہیکہ 4 یا 5 اپریل تک مسٹر نائیڈو دہلی میں ہی قیام کریں گے ۔ اپنے قیام دہلی کے موقع پر بتایا جاتا ہیکہ مسٹر نائیڈو مختلف پارٹیوں کے قائدین سے ملاقات کر کے ریاست آندھراپردیش کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں سے واقف کروائیں گے ۔ تلگودیشم پارٹی کے باوثوق ذرائع نے یہ بات کہی اور بتایا کہ 27مارچ کو وجئے واڑہ امراوتی میں منعقدہ کُل جماعتی اجلاس میں چیف منسٹر آندھراپردیش کے دہلی روانہ ہونے کی تجویز پیش کی گئی تھی اور تجویز کی روشنی میں 2 اور 3اپریل کو مسٹر نائیڈو نے دہلی روانہ ہونے کا ارادہ کیا تھا لیکن گذشتہ دن چیف منسٹر آندھراپردیش کے دورہ دہلی کے پروگرام کو قطعیت دی گئی کیونکہ چیف منسٹر جن قائدین سے ملاقات کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں ان کی دہلی میں موجودگی کو پیش نظر رکھتے ہوئے مسٹر نائیڈو کے مجوزہ دورہ دہلی کی تاریخوں میں تبدیلی کی گئی ۔ بتایا جاتا ہیکہ مسٹر نائیڈو نے مرکزی حکومت کے خلاف کی جانے والی جدوجہد میں تلگودیشم پارٹی کی تائید و حمایت میں ساتھ کھڑے رہنے والی پارٹیوں اور تلگودیشم پارٹی کے پیش کردہ تحریک عدم اعتماد کی تائید و حمایت کرنے والی سیاسی جماعتوں کے قائدین و ارکان پارلیمان سے ملاقات کریں گے ۔ تاہم مسٹر نائیڈو کن کن پارٹیوں کے قائدین سے ملاقات کریں گے یہ بات ابھی تک واضح نہیں کی گئی ہے ۔ تلگودیشم پارٹی ذرائع نے بتایا کہ ریاست آندھراپردیش کو خصوصی موقف کے ساتھ ساتھ ریاست کی تیز رفتار ترقی کیلئے دیئے گئے تیقنات پر عمل آوری کا مطالبہ کرتے ہوئے تلگودیشم پارٹی ارکان پارلیمان ایوان میں جدوجہد کررہے ہیں اور تلگودیشم پارٹی کی جانب سے مرکزی حکومت کے خلاف پیش کردہ تحریک عدم اعتماد پر مباحث کا موقع فراہم کرنے کیلئے مرکز پر دباؤ برقرار رکھے ہوئے ہیں ۔ اسی ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہیکہ ریاست آندھراپردیش کی جانب سے کی جانے والی جدوجہد پر قومی سطح کے قائدین توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں ۔ اسی ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہیکہ تلگودیشم کی مرکزی حکومت کے خلاف پارلیمنٹ میں کی جانے والی جدوجہد کیلئے متعدد سیاسی جماعتوں کی بھرپور تائید و حمایت حاصل کرنا ہی چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کے دورہ دہلی کا اہم مقصد ہے ۔