صدر جے ڈی ایس دیوا گوڑہ کے علاوہ کرناٹک میں مقیم آندھرائی افراد سے ملاقات
حیدرآباد ۔ 7 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : قومی سطح پر سیکولر ذہن کے حامل سیاسی پارٹیوں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنے کی کوشش کرتے ہوئے ملک گیر سطح پر بی جے پی کے لیے ایک نئی ہلچل مچانے والے قومی صدر تلگو دیشم پارٹی و چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو توقع ہے کہ 8 نومبر کو ریاست کرناٹک کے بنگلور کا دورہ کریں گے ۔ تلگو دیشم پارٹی کے ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ چندرا بابو کی جانب سے قومی سطح پر بی جے پی کے خلاف ایک طاقتور غیر بی جے پی محاذ تشکیل دینے کی کوششوں پر بی جے پی قائدین بشمول وزیراعظم نریندر مودی اور صدر بی جے پی امیت شاہ کی دل دھڑکنیں بڑھ گئیں ہیں ۔ جس کی وجہ سے بی جے پی حلقوں میں آئندہ سال منعقد ہونے والے انتخابات پر تشویش کا اظہار پایا جارہا ہے ۔ چندرا بابو نائیڈو جنہوں نے گذشتہ دنوں دو مرتبہ دہلی کا دورہ کر کے مرکزی حکومت کی طرز کارکردگی کو بے نقاب کیا تھا اور پھر تمام غیر بی جے پی جماعتوں کو پھر ایکبار قومی سطح پر متحد کرنے کے اپنے ایجنڈہ کو روبہ عمل لانے کا آغاز کر کے مختلف غیر بی جے پی جماعتوں کے قائدین بشمول صدر کل ہند کانگریس کمیٹی مسٹر راہول گاندھی ، صدر نیشنل کانگریس پارٹی مسٹر شردپوار ، صدر نیشنل کانفرنس و سابق چیف منسٹر جموں و کشمیر مسٹر فاروق عبداللہ ، صدر بہوجن سماج پارٹی شریمتی مایاوتی کے علاوہ صدر سماج وادی پارٹی مسٹر اکھیلیش یادو و دیگر پارٹی قائدین سے ملاقات کر کے موجودہ حالات میں ملک کو درپیش مختلف مسائل بالخصوص ملک کے سیکولر ڈھانچہ کو درپیش خطرہ سے نمٹنے کے لیے آئندہ کی حکمت عملی مرتب کرنے اور ایک متحدہ محاذ تشکیل دینے جیسے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور ان تمام سیاسی جماعتوں کو ایک متحدہ پلیٹ فارم پر آنے کے لیے رضا مند بھی کرلیا ہے اور بنگلور پہونچنے کے فوری بعد چندرا بابو راست سابق وزیراعظم و قومی صدر جے ڈی ایس مسٹر دیوے گوڑا کی قیام گاہ پر ملک کے موجودہ حالات اور بی جے پی زیر قیادت مرکزی حکومت کے آمرانہ طریقہ کار پر تبادلہ خیال کریں گے ۔ علاوہ ازیں اس موقع پر مسٹر چندرا بابو کرناٹک کے اپنے ہم منصب مسٹر کمارا سوامی سے بھی ملاقات کر کے سیاسی حالات کا جائزہ لیتے ہوئے آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی غور و خوض کریں گے ۔ چندرا بابو اپنے دورہ بنگلور کے موقع پر کرناٹک میں مقیم آندھرائی عوام سے بھی ملاقات کریں گے ۔۔