چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو کا خواب

آندھرا پردیش کو عالمی طرز کے شہر میں قائم کرنے اسکیمات و ترغیبات
اسمارٹ سٹی کی منصوبہ بندی ، کوالالمپور اور شکاگو طرز کی نئی راجدھانی
چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر نارا چندرابابو نائیڈو نے بھی 2014 ء میں انتخابی کامیابی کے بعد سے منقسم ریاست آندھراپردیش کی ترقی کیلئے 2 بین الاقوامی دورہ کرلئے ہیں جن میں حالیہ دورۂ جاپان بھی شامل ہے ۔ مسٹر چندرابابو نائیڈو اپنے دونوں بین الاقوامی دوروں کے دوران نوتشکیل شدہ ریاست آندھراپردیش کی ترقی کیلئے بیرونی راست سرمایہ کار میں حصہ حاصل کرنے کوشاں ہیں۔ مسٹر نائیڈو کو ہندوستانی سیاسی حلقوں میں چانکیہ کہا جاتا ہے اور وہ اپنے منصوبوں کو قابل عمل بنانے کیلئے بھی شہرت رکھتے ہیں۔ مسٹر نائیڈو کے دور اقتدار میں حیدرآباد کو انفارمیشن ٹکنالوجی کے شہر کے طورپر ترقی دیئے جانے کا سہرا بھی اُنھیں کے سرباندھا جاتا ہے اور موجودہ آندھراپردیش کے شہریوں کے ساتھ ساتھ سرمایہ کاروں ، تاجرین کے علاوہ صنعت کاروں کو اُن سے کافی توقعات وابستہ ہیں۔ مسٹر نائیڈو آندھراپردیش میں عالمی طرز کے شہروں کے منصوبہ کے تحت مرکزی حکومت کی اسکیمات کو روشناس کرواتے ہوئے اسمارٹ سٹی کی منصوبہ بندی میں مصروف ہیں۔ ابتداء میں مسٹر نائیڈو نے کوالالمپور اور شکاگو کے طرز پر نئی ریاست کے صدر مقام کی تعمیر کے منصوبہ کا اظہار کیا لیکن تمام اُمور کا جائزہ لینے کے بعد انھوں نے سنگاپور کے طرز پر نئے صدر مقام کی تعمیر کے فیصلے کو تقریباً قطعیت دیدی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر آندھراپردیش نے نئے صدر مقام میں 1.50 لاکھ کروڑ کی سرمایہ کاری کا منصوبہ تیار کیا ہے تاکہ ریاست کی ترقی کو یقینی بنانے کیلئے بیرونی سرمایہ کاروں کو راغب کروایاجاسکے اور زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کئے جائیں تاکہ صنعت کاروں کو آندھراپردیش میں صنعتوں کے قیام میں دشواریوں کی شکایات نہ رہیں۔