منشور کی عمل آوری میں نئے شرائط دھوکہ کے مترادف ، صدر پی سی سی اے پی این رگھوویرا ریڈی
حیدرآباد ۔ 13 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : صدر آندھرا پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر راگھوویرا ریڈی نے عوام کی زندگیوں سے نہ کھیلنے کا چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کو مشورہ دیا ۔ انتخابی منشور کے وعدوں کی عمل آوری میں نئے شرائط اور کمیٹیوں کی تشکیل کو دھوکہ دہی قرار دیا ہے ۔ آج اندرا بھون میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر راگھوویرا ریڈی نے کہا کہ تلگو دیشم پارٹی کے انتخابی منشور میں کسانوں ، ڈاکرا گروپس کے قرضوں کو معاف کرنے کا وعدہ کیا گیا ۔ شراب کی بیلٹ شاپس بند کرنے کا وعدہ کیا گیا جس پر بھروسہ کرتے ہوئے ریاست کے عوام نے تلگو دیشم پارٹی کو اقتدار حوالے کیا گیا ۔ چیف منسٹر بننے کے بعد وعدوں کی عمل آوری کے بجائے نائیڈو کمیٹیاں تشکیل دے رہے ہیں اور نئے نئے شرائط کرتے ہوئے جو عوام سے وعدے کئے گئے ہیں اس سے چھٹکارا حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں جس کی وہ سخت مذمت کرتے ہیں اور جو وعدے کئے گئے ہیں اس کو پورا کرنے پر زور دیتے ہیں ۔ بصورت دیگر کانگریس پارٹی حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک شروع کرے گی ۔ بیلٹ شاپس کب بند جائیں گے چیف منسٹر نائیڈو اس کی وضاحت کریں ۔ صدر آندھرا پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر راگھوویرا ریڈی نے کہا کہ گورنر کی جانب سے تشکیل دی گئی کمیٹی نے ناگرجنا ساگر سے 10 ٹی ایم سی زائد کرشنا سے جاری کرنے کی سفارش کی ہے ۔ اس پر ٹی آر ایس کا اعتراض قابل مذمت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر آندھرا پردیش نے کرپشن فری اسٹیٹ بنانے کا اعلان کیا ہے ۔ جس کا وہ خیر مقدم کرتے ہیں اور چندرا بابو نائیڈو کو یاد دلاتے ہیں کہ انہوں نے اپنے پر عائد دو کرپشن مقدمات پر حکم التواء حاصل کیا ہے ۔ اس سے پہلے دستبرداری اختیار کرتے ہوئے عوام میں اپنا اعتماد بحال کریں ۔۔