حیدرآباد 16 اپریل (سیاست نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راو کل 17 اپریل کو 10 بجے ضلع کلکٹرس کی دو روزہ کانفرنس کا افتتاح کریں گے ۔ حکومت نے جن پروگراموں و اسکیمات کا آغاز کیا ہے ان پر موثر عمل آوری کیلئے ضروری ہدایات دینے اور اضلاع میں جاری کاموں کا جائزہ لینے کلکٹرس کی دو روزہ کانفرنس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ۔ ذرائع نے کہا کہ اس کانفرنس میں غیر موسمی بارش سے ہوئے نقصانات ‘راحت کاری اقدامات ‘کاکتیہ مشن کے تحت تالابوں سے مٹی کی نکاسی ‘ واٹر گرڈ ‘نئے پروگراموں و اسکیمات پر عمل آوری کا جائزہ لیا جائیگا اور چیف منسٹر کلکٹرس کو ریاست کی ہمہ جہتی ترقی اور مختلف فلاح و بہبودی پروگرام و اسکیمات پر عمل آوری کیلئے ہدایات دیں گے ۔ بتایا جاتا ہیکہ اس کانفرنس میں وزرا چیف سکریٹری ‘ کے علاوہ تمام محکمہ جات کے پرنسپال سکریٹریز و سکریٹریز شریک رہینگے ۔ سابق میں کلکٹرس کانفرنس میں صحافت کو مدعو کیا جاتا تھا لیکن تلنگانہ کی تشکیل کے بعد کلکٹرس کانفرنس سے صحافت کو دور رکھا جارہا ہے ۔