چیف منسٹر آندھرا پردیش کل عازمین حج کو وداع کریں گے

حج ہاوز میں انتظامات کا جائزہ،این محمد فاروق کا دورہ حج ہاوز
حیدرآباد 22 ستمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو 24 ستمبر کو حج ہاوز نامپلی میں آندھرا پردیش کے عازمین حج کے قافلے کو وداع کریں گے۔چندرا بابو نائیڈو کے دورہ کے انتظامات کو قطعیت دینے کیلئے تلگودیشم قائد اور سابق وزیر جناب این محمد فاروق نے آج حج ہاوز کا دورہ کیا ۔ انہوں نے اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور سے ملاقات کی اور چندرا بابو نائیڈو کے دورہ کے انتظامات پر تبادلہ خیال کیا۔ چندرا بابو نائیڈو شام 6 بجے حج ہاوز پہنچیں گے اور عازمین حج سے خطاب کریں گے ۔ وہ عازمین حج کی بسوں کو جھنڈی دکھا کر روانہ کریں گے ۔ ان کے ہمراہ آندھراپردیش کے وزیر اقلیتی بہبود پلے رگھو ناتھ ریڈی اور دیگر قائدین موجود رہیں گے ۔ 24 ستمبر کو عازمین حج کی فلائیٹ رات 10.30 بجے شمس آباد انٹر نیشنل ایرپورٹ سے روانہ ہوگی۔300 عازمین پر مشتمل اس قافلے میں کرنول کے 141، نیلور 16، پرکاشم 63،کرشنا 9، کڑپہ 7 ، گنٹور 7،وشاکھاپٹنم 7 ،وجئے نگرم 2،مغربی گوداوری 27 اور حیدرآباد کے 3 عازمین حج شامل ہوں گے۔ آندھرا سے تعلق رکھنے والے عازمین حج کے قافلوں کی روانگی کا آج سے آغاز ہوچکا ہے۔ تلگودیشم کے اقلیتی قائدین حج ہاوز پہنچنے پر چندرا بابو نائیڈو کے شاندار استقبال کی تیاریاں کررہے ہیں۔ چیف منسٹر کی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد چندرا بابو نائیڈو کایہ پہلا دورہ حج ہاوز ہے ۔