عنقریب حکومت کا زوال ، وائی ایس آر کانگریس پارٹی
حیدرآباد ۔ 24 ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : ریاستی وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے کہا کہ چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کی الٹی گنتی کا آغاز ہوچکا ہے اور بہت جلد ان کا زوال ہوجائے گا ۔ سینئیر قائد و صدر وجئے واڑہ سٹی وائی ایس آر کانگریس پارٹی مسٹر سرینواس نے یہ پیش قیاسی کی کہ مسٹر چندرا بابو نائیڈو کے جھوٹے وعدوں اور تشہیر سے ریاست آندھرا پردیش کے عوام میں بیزارگی پائی جاتی ہے ۔ انہوں نے حکومت آندھرا پردیش بالخصوص چندرا بابو نائیڈو سے دریافت کیا کہ آیا 33 ماہ گزر جانے کے باوجود ریاست میں کسی ایک بے روزگار نوجوان کو ماہانہ بھتہ فراہم کیا گیا ؟ اور نوجوانوں کو ماہانہ بھتہ کے طورپر رقم فراہم کرنے کا مطالبہ کیا جاتا ہے تو اس کا تلگو دیشم کی جانب سے مضحکہ اڑایا جاتا ہے ۔ انہوں نے تلگو دیشم قائدین کے اس طرز عمل کی سخت مذمت کی اور کہا کہ مسٹر سرینواس نے خاتون رکن اسمبلی وائی ایس آر کانگریس پارٹی شریمتی روجا کے تعلق سے پولیس کی جانب سے کیے گئے ریمارکس انتہائی تکلیف دہ ہیں ۔ قائد وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے روجا کے خلاف پولیس کی جانب سے کیے گئے ریمارکس پر چیف منسٹر اور اسپیکر آندھرا پردیش قانون ساز اسمبلی ڈاکٹر کے سیوا پرساد راؤ سے فوری جواب دینے کا مطالبہ کیا ۔۔