چیف منسٹر آندھرا پردیش پاگلوں کے شہنشاہ

حیدرآباد /5 فروری (سیاست نیوز) کانگریس رکن اسمبلی و سابق ریاستی وزیر ڈاکٹر شنکر راؤ نے چیف منسٹر کو پاگلوں کا شہنشاہ قرار دیتے ہوئے چیف منسٹر کے دہلی احتجاج کے جواب میں احاطہ اسمبلی میں موجود مجسمہ گاندھی کے قریب خاموش احتجاج کیا۔ اس دوران انھوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وزارت کا تجربہ نہ رکھنے والے کرن کمار ریڈی کو کانگریس صدر سونیا گاندھی نے چیف منسٹر بنایا ہے، جب کہ پارٹی قیادت کا احسان مند ہونے کی بجائے کرن کمار ریڈی احسان فراموشی کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ آنجہانی اندرا گاندھی اور پنڈت جواہر لال نہرو نے علحدہ تلنگانہ ریاست کی کبھی مخالفت نہیں کی، تاہم چیف منسٹر اور سیما۔ آندھرا کے قائدین ان قائدین کا نام لے کر عوام کو گمراہ کر رہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ کانگریس صدر سونیا گاندھی نے تلنگانہ ریاست کی تشکیل کا فیصلہ کیا، جس کو کوئی طاقت روک نہیں سکتی۔ انھوں نے کہا کہ چیف منسٹر اور سیما۔ آندھرا کے قائدین کانگریس کے ہر فیصلہ کی تائید کا بلند بانگ دعویٰ کر رہے تھے، لیکن اب سی ڈبلیو سی کے فیصلہ کی مخالفت کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ کرن کمار ریڈی کا ذہنی توازن بگڑ گیا ہے، اس لئے وہ مخالف پارٹی سرگرمیوں میں ملوث ہیں، لہذا انھیں اپنی ان حرکتوں پر قوم اور سونیا گاندھی سے معذرت خواہی کرنی چاہئے۔