مسجد یکخانہ کی عدم تعمیر پر مسلمانوں میں بے چینی، سیکورٹی کے خصوصی انتظامات
حیدرآباد۔/29 مئی، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی جانب سے 2جون کو افطار پارٹی کا اہتمام کیا جارہا ہے ۔ اس خصوص میں انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے ایک اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں تلنگانہ حکومت کے مشیر اے کے خاں کے علاوہ پولیس عہدیداروں اور مختلف شعبوں کے ذمہ داروں نے شرکت کی۔ واضح رہے کہ مسلمان عنبر پیٹ کی مسجد یکخانہ کی عدم تعمیر سے بے چین ہیں۔ افطار پارٹی میں صدائے احتجاج بلند ہونے کا اندیشہ پیدا ہوا ہے اس لئے افطار پارٹی کیلئے سیکورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی جانب سے دی جانے والی دعوت افطار کو کامیاب بنانے کے لئے ریاستی وزیر داخلہ نے 31مئی کو تلنگانہ راشٹر سمیتی قائدین کے ہمراہ جائزہ اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس اجلاس میں مسلم قائدین و نمائندوں کو مدعو کیا گیا ہے تاکہ اس اجلاس کے دوران حکومت کی دعوت افطار پر منڈلا رہے احتجاج کے باد ل سے نمٹنے کی حکمت عملی تیا رکی جاسکے ۔ بتایاجاتا ہے کہ 31 مئی کو منعقد ہونے والے اس اجلاس میںوزیر داخلہ جناب محمد محمود علی نے ارکان قانون ساز کونسل ‘ ارکان اسمبلی کے علاوہ تلنگانہ راشٹر سمیتی کے سرکردہ مسلم قائدین کو مدعو کیا گیا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ 2جون کو منعقد ہونے والی دعوت افطار کے سلسلہ میں محکمہ پولیس کی جانب سے خصوصی انتظامات کئے جا رہے ہیں تاکہ دعوت افطار کے دوران کوئی بھی یکخانہ مسجد کی تعمیر کے سلسلہ میں احتجاج نہ کرسکے ۔ وزیر داخلہ کی جانب سے منعقد کئے جانے والے اس اجلاس کے متعلق بتایا جاتا ہے کہ پہلی مرتبہ وزیر داخلہ کی جانب سے دعوت افطار کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے کوئی اجلاس طلب کیا گیا ہے ۔