چیف منسٹرکی دوڑ میں شامل ہونے کی تردید

حیدرآباد۔/16 جنوری (سیاست نیوز) مرکزی وزیر مسٹر سروے ستیہ نارائنہ نے آج سخت انداز میں نفی کرتے ہوئے کہ وہ تلنگانہ ریاست کے چیف منسٹر بننے کی دوڑ میں شامل ہیں، کہا کہ چند قائدین ان کے خلاف جھوٹا پروپگنڈہ کررہے ہیں۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مرکزی وزیر نے کہا کہ وہ اعلیٰ عہدہ کے متمنی نہیں ہیں چونکہ وہ ملکاجگری لوک سبھا نشست سے تیسری مرتبہ کامیابی حاصل کرتے ہوئے مرکزی کابینی وزیر بن کر مطمئن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان، نائب صدر اے آئی سی سی مسٹر راہول گاندھی کو ملک کا آئندہ وزیراعظم دیکھنا چاہتے ہیں اس لئے وہ ان کی کابینہ میں مقام چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ2014 ء عام انتخابات کے بعد وہ ایک چھوٹی سی ریاست تلنگانہ کا چیف منسٹر بننے کے بجائے راہول گاندھی کی حکومت میں کابینی وزیر بنے رہنا پسند کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کی دوڑ میں شامل رہنا تو درکنار اگر کانگریس سربراہ مسز سونیا گاندھی کی جانب سے پیشکش بھی کی جائے تو وہ متانت سے مسترد کردیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں چند مفادات حاصلہ ان کی شبیہ کو بگاڑنا چاہتے ہیں۔ مسٹر سروے ستیہ نارائنہ نے کہا کہ اسمبلی میں تلنگانہ مسودہ بل پر مباحث وقت کا زیاں ہے۔ اے آئی سی سی فروری کے اوآخر تک علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دیتے ہوئے اپنے وعدہ کو پورا کرے گی۔ انہوں نے صدر جمہوریہ ہند مسٹر پرنب مکرجی سے اپیل کی کہ تلنگانہ پر مباحث کے مزید مہلت نہ دیں جو علحدہ ریاست کے مفاد کے مغائر ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ سیما آندھرا کے قائدین دانستہ طور پر مباحث میں خلل ڈال رہے ہیں ۔

انہوں نے ایک تلگو چیانل کی جانب سے ان پر زمینات پر قبضہ میں ملوث ہونے کے الزامات عائد کئے جانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان پر عائد کردہ الزامات کو ثابت کردیا گیا تو وہ سیاست سے کنارہ کش ہوجائیں گے بصورت دیگر چیانل کو ان سے معذرت خواہی کرنا چاہئے ورنہ وہ ہتک عزت کا دعویٰ دائر کریں گے۔