حیدرآباد 2 ڈسمبر (این ایس ایس) وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے 7 ڈسمبر کو دہلی میں طلب کردہ چیف منسٹرس کانفرنس میں شرکت کیلئے تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ 6 ڈسمبر کو قومی دارالحکومت روانہ ہوں گے جہاں تین روزہ قیام کے دوران وہ مرکز سے اہم مسائل پر نمائندگی کریں گے۔ علاوہ ازیں صدرجمہوریہ پرنب مکرجی اور وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کرتے ہوئے تلنگانہ اور آندھراپردیش کے درمیان حساس مسائل کی یکسوئی میں مدد کی درخواست کریں گے۔ گورنر ای ایس ایل نرسمہن بھی فی الحال نئی دہلی کے دورہ پر ہیں۔ اس دوران چیف منسٹر کے سی آر کے دورہ دہلی کو غیرمعمولی اہمیت حاصل ہوگئی ہے۔ یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ گورنر نرسمہن نے دو تلگو ریاستوں کے درمیان حساس مسائل پر پیدا شدہ تنازعات اور اختلافات سے صدر پرنب مکرجی اور وزیراعظم نریندر مودی کو تفصیلی طور پر واقف کروایا۔ گورنر نے اِس ضمن میں حقائق پر مبنی تمام اعداد و شمار بھی پیش کئے ہیں۔ توقع ہے کہ کے سی آر اپنے اِس دورہ کے موقع پر آئی اے ایس اور آئی پی ایس عہدیداروں کی عاجلانہ تقسیم کے علاوہ برقی اور زرعی مقاصد کیلئے استعمال کئے جانے والے پانی کی تقسیم جیسے حساس مسائل کا دوستانہ حل تلاش کرنے کیلئے مرکز پر دباؤ ڈالیں گے۔ علاوہ ازیں شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ کے ڈومیسٹک ٹرمنل کو این ٹی آر سے موسوم کرنے کے احکام کی تنسیخ اور انٹرمیڈیٹ امتحانات کے آزادانہ انعقاد کی ضرورت پر بھی زور دیں گے۔ اس بات کا قوی امکان بھی ہے کہ تلنگانہ کے چیف منسٹر کے سی آر اپنے آندھرائی ہم منصب این چندرابابو نائیڈو کے خلاف وزیراعظم مودی سے اِس بات کی شکایت کریں گے کہ وہ (نائیڈو) پانی اور برقی کی تقسیم کے معاملہ میں آندھراپردیش تنظیم جدید قانون کی خلاف ورزی کررہے ہیں۔ توقع ہے کہ کے سی آر پرانہیتا ۔ چیوڑلہ پراجکٹ کو قومی موقف دینے کے علاوہ واٹر گرڈ، جھیلوں کی صفائی و بحالی، ہریتا ہرم، توانائی پراجکٹوں کیلئے فنڈس کی اجرائی اور مرکزی و دیگر ٹیکسوں میں ضابطہ کے مطابق ریاست کے حصہ میں اضافہ کی خواہش بھی کریں گے۔ سیاست نیوز کے بموجب وزیر اعظم نے ملک میں عوام کو درپیش مسائل کی یکسوئی اور بہتر حکمرانی کے سلسلہ میں تمام 29ریاستوں کے چیف منسٹرس کا اجلاس طلب کیا ہے۔ وزیر اعظم کی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد سے تمام چیف منسٹرس کا یہ پہلا اجلاس ہوگا۔ چیف منسٹر کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ چندر شیکھر راؤ وزیر اعظم کو تلنگانہ کی ترقی کیلئے مرکزی امداد سے متعلق تفصیلی یادداشت پیش کریں گے۔ واضح رہے کہ حالیہ عرصہ میں چیف منسٹر کے دفتر نے وزیر اعظم سے ملاقات کیلئے بارہا وقت مانگا تھا لیکن ابھی تک وزیر اعظم کے دفتر نے مثبت جواب نہیں دیا۔ اس طرح چیف منسٹرس کے اجلاس میں چندر شیکھر راؤ کی وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات ہوگی۔ آندھرا پردیش حکومت کے ساتھ مختلف اُمور پر جاری تنازعات کے پس منظر میں یہ ملاقات اہمیت کی حامل ہوگی۔