چیف منسٹرس اوورسیز اسکالر شپس اسکیم کے تحت تاحال 592 طلبہ کو اسکالر شپس کی اجرائی

نئے ممالک کی شمولیت ، نئی درخواستوں کے لیے اعلامیہ کی اجرائی ، سید عمر جلیل کا بیان
حیدرآباد ۔ 6۔ ستمبر (سیاست نیوز) سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے کہا کہ چیف منسٹرس اوورسیز اسکالرشپ اسکیم کے تحت جولائی 2015 ء سے آج تک تین مراحل میں 592 طلبہ کو اسکالرشپ کی رقم جاری کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز اسکالرشپ بجٹ کی منظوری اور اجرائی کی بنیاد پر باقاعدگی سے جاری کی جارہی ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ پہلے مرحلہ میں 226 ، دوسرے مرحلہ میں 226 اور تیسرے مرحلہ میں 140 طلبہ کو منتخب کرتے ہوئے اسکالرشپ جاری کی گئی۔ پہلے 2 بیاچس کے طلبہ کو اسکالرشپ کی مکمل رقم یعنی فی کس 10 لاکھ 60 ہزار روپئے جاری کردیئے گئے جبکہ تیسرے بیاچ کے طلبہ جن کی تعداد 140 ہے ، انہیں فی کس 20 لاکھ 60 ہزار روپئے منظور کئے گئے۔ اس طرح 3 کروڑ 54 لاکھ روپئے جاری کئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ باقی منظوریاں بجٹ کے مختص کرنے اوراجرائی کی بنیاد پر جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی مرحلہ میں اوورسیز اسکالرشپ کیلئے درخواستوںکی تعداد 500 سے زائد نہیں تھی۔ مجموعی درخواستوں میں سے مستحق طلبہ کا انتخاب کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اسکالرشپ صرف ایسے اہل طلبہ کو منظوری کی گئی جنہوں نے تمام شرائط اور قواعد کی تکمیل کی ہو۔ تیسرے مرحلہ میں اسکالرشپ کی رقم میں اضافہ کرتے ہوئے 20 لاکھ روپئے کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ فنڈس کی دستیابی کو دیکھتے ہوئے 65 فیصد نشانات حاصل کرنے والے طلبہ تک میرٹ لسٹ کو محدود کردیا گیا ۔ اگرچہ بعض طلبہ 60 فیصد سے زائد نشانات حاصل کئے ہیں لیکن محکمہ اقلیتی بہبود ان کی درخواستوں پر فنڈس کے الاٹمنٹ کے اعتبار سے غور کرسکتا ہے۔ پہلے مرحلہ کے 226 طلبہ میں 23 کروڑ 6 لاکھ روپئے جاری کئے گئے۔ دوسرے مرحلہ میں 226 طلبہ میں 22 کروڑ 68 لاکھ روپئے تقسیم کئے گئے ۔ انہوں نے بتایا کہ تیسرے مرحلہ کے 140 طلبہ میں 3 کروڑ 54 لاکھ روپئے تقسیم کئے گئے اور مزید 25 کروڑ 30 لاکھ کی اجرائی باقی ہے۔ اسکیم کے سلسلہ میں تازہ اعلامیہ جاری نہ کئے جانے سے متعلق مسئلہ کی وضاحت کرتے ہوئے سکریٹری اقلیتی بہبود نے کہا کہ تمام ویلفیر ڈپارٹمنٹ نے اوورسیز اسکالرشپ اسکیم کے سلسلہ میں اپنے تجربات کا تبادلہ کیا اور اسکیم میں بعض نئے ممالک کو شامل کرنے اور موجودہ شرائط میں تبدیلیوں کی تجویز پیش کی ہے۔ یہ تجاویز متعلقہ محکمہ جات کو روانہ کردی گئیں تاکہ تمام محکمہ جات کیلئے یکساں درخواست اور منظوری کا مرحلہ مکمل ہو۔ انہوں نے کہا کہ اسکیم کے سلسلہ میں امیدواروں کے اصرار کو دیکھتے ہوئے محکمہ اقلیتی بہبود موجودہ ممالک اور موجودہ شرائط کے ساتھ نئی درخواستوں کا اعلامیہ جاری کر رہا ہے۔ عمر جلیل نے اب تک اس اسکیم کے تحت تمام استفادہ کنندہ طلبہ کی فہرست جاری کی ہے۔