سکریٹری برائے گورنر نے ملاقات کی ۔ چیف منسٹر فارم ہاوز میں انتخابی حکمت عملی بنانے میں مصروف
حیدرآباد 4 ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ میں قبل ازوقت اسمبلی انتخابات کے امکانات کو تقویت پہونچانے منصوبہ بند انداز میں چیف منسٹر چندرشیکھر راؤ کی ایماء پر چیف سکریٹری ایس کے جوشی کی قیادت میں اعلیٰ عہدیداروں کے وفد نے راج بھون پہونچ کر گورنر ای ایس ایل نرسمہن سے ملاقات کی کوشش کی لیکن گورنر کی عدم دستیابی کے پیش نظر سکریٹری برائے گورنر ہرپریت سنگھ سے ملاقات کی اور زایداز ایک گھنٹہ قبل ازوقت انتخابات کی صورت میں حکومت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات سے واقف کروانے کی اطلاعات ہیں۔ چیف سکریٹری ایس کے جوشی کے ہمراہ ہرپریت سنگھ سے ملاقات کرنے والوں میں چیف اڈوائزر برائے حکومت راجیو شرما، سکریٹری اسمبلی نرسمہا چاریولو، پرنسپال سکریٹری برائے چیف منسٹر نرسنگ راؤ شامل ہیں۔ ریاست میں قبل ازوقت اسمبلی انتخابات اور اسمبلی کو تحلیل کئے جانے کی قیاس آرائیوں کے دوران چیف سکریٹری کے ہمراہ عہدیداروں کی سکریٹری برائے گورنر سے ملاقات کو سیاسی حلقوں میں کافی اہمیت دی جارہی ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ خود چیف منسٹر چندرشیکھر راؤ نے بھی قبل ازوقت اسمبلی انتخابات کے سلسلہ میں اپنے عملی اقدامات میں تیزی پیدا کی ہے اور شہر میں اپنی مصروفیات کو نظرانداز کرکے گجویل میں واقع فارم ہاؤز پہونچکر حکمت عملی کو مرتب کرنے میں مصروف ہونے کی اطلاعات ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ کابینہ کا اجلاس اور اسمبلی کو تحلیل کرنے کے مسئلہ پر سنجیدگی سے غور و خوض کا آغاز کردیا ہے۔ ریاستی حکومت اور عہدیداروں کی ہلچل کو دیکھتے ہوئے واقعی اسمبلی کے تحلیل کئے جانے کے آثار دکھائی دے رہے ہیں اور ساتھ ہی 6 ستمبر کو ریاستی کابینہ کا اجلاس بھی طلب کئے جانے کا امکان ہے۔ اسی دوران ٹی آر ایس قائدین اور ذرائع کے مطابق حکومت کے پاس زیرالتواء مختلف اُمور کی کابینہ کے اجلاس میں منظوری دینے اور اسمبلی کو تحلیل کرنے سے متعلق کابینہ اجلاس میں فیصلہ کا چیف منسٹر ارادہ رکھتے ہیں ۔ علاوہ ازیں چیف منسٹر نے گزشتہ دن چیف الیکشن کمشنر او پی راوت سے قبل ازوقت انتخابات پر تفصیلی بات کی۔ سمجھا جاتا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر نے تلنگانہ میں قبل ازوقت اسمبلی انتخابات منعقد کروانے چیف منسٹر کی خواہش سے اتفاق نہ کرکے کوئی گرین سگنل نہیں دیا ہے۔