چیف سکریٹری نے ہریتا ہارم ایکشن پلان کا جائزہ لیا

حیدرآباد 26 اپریل ( این ایس ایس ) چیف سکریٹری ڈاکٹر ایس کے جوشی نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ ہریتا ہارم پروگرام کے حصے کے طور پر اپنے گرام پنچایتوں اور بلدیات میں اندرون ایک ہفتہ مناسب اراضیات کی نشاندہی کریں تاکہ وہاں نرسری ( پودوں کو جمع کرنے کے مقام ) کا قیام عمل میں لایا جاسکے ۔ چیف سکریٹری نے حکام کے ساتھ ہریتا ہارم پروگرام اور ایکشن پلان کا جائزہ لیا اور کہا کہ ریاست کے تمام گرام پنچایتوں اور مجالس مقامی میں اپنی نرسریز ہونی چاہئے جس کی چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ہدایت دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہر گاوں میں نرسری کو یقینی بنایا جانا چاہئے ۔ انہوں نے پانی کی دستیابی ‘ فنڈز کے ذرائع ‘ درکار اقسام اور درکار عملہ وغیرہ کے تعلق سے بھی تبادلہ خیال کیا ۔

دو بچوں کو ہلاک کرنے کے بعد خاتون نے پھانسی لے لی
کاکناڈا 26 اپریل ( پی ٹی آئی ) ایک خاتون نے ‘ جو سمجھا جاتا ہے کہ ذہنی عدم توازن کا شکار تھی اپنے چار سالہ لڑکے اور چھ ماہ کی دختر کا گلا گھونٹ کر قتل کرنے کے بعد خود بھی پھانسی لے کر خود کشی کرلی ۔ پولیس نے یہ بات بتائی ۔ 25 سالہ اسخاتون کی نعش اس کے گھر میں پنکھے سے لٹلی ہوئی پائی گئی ۔