حیدرآباد۔/26فبروری، ( این ایس ایس ) چیف سکریٹری ڈاکٹر پی کے موہنتی آج صبح نئی دہلی روانہ ہوگئے جہاں مرکزی وزارت داخلہ کی جانب سے طلب کردہ ایک کلیدی اجلاس میں شرکت کی۔ جس میں علحدہ ریاست تلنگانہ کے قیام سے متعلق اُمور و مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ریاست کی تقسیم کے عمل پر مرکزی حکومت کی جانب سے چیف سکریٹری کو تجاویز پیش کی جائیں گی۔ ڈاکٹر موہنتی حیدرآباد واپسی کے بعد ریاستی محکموں کے سربراہان کا مزید ایک اجلاس طلب کریں گے۔
وینکٹیش کی تلگودیشم میں شمولیت
کانگریس کو دھکا
حیدرآباد۔/26فبروری، ( این ایس ایس ) سیما آندھرا میں کانگریس کو آج زبردست دھکا لگا جب کرنول سے تعلق رکھنے والے اس کے ایک سینئر لیڈر اور ریاستی وزیر ٹی جی وینکٹیش نے آج تلگودیشم میں شمولیت کا اعلان کیا۔ وہ کرن کمار ریڈی کابینہ میں وزیر تھے۔ کرن نئی پارٹی کے قیام کی کوششوں میں مصروف ہیں لیکن وینکٹیش جو صنعتکار بھی ہیں تلگودیشم میں دوبارہ شامل ہوگئے۔ وہ 2004ء میں تلگودیشم سے مستعفی ہوکر کانگریس میں شامل ہوئے تھے۔