چیف سکریٹری تلنگانہ راجیو شرما وظیفہ حسن خدمت پر سبکدوش

حیدرآباد۔/29نومبر، ( سیاست نیوز) چیف سکریٹری ڈاکٹر راجیو شرما کل 30نومبر کو اپنی ذمہ داری سے سبکدوش ہوجائیں گے۔ حکومت نے تلنگانہ ریاست کے پہلے چیف سکریٹری راجیو شرما کو بڑے پیمانے پر وداع کرنے کی تیاریاں کرلی ہیں اور اس سلسلہ میں اعلیٰ عہدیدار مصروف ہیں۔ سکریٹریٹ کے احاطہ میں ان کی وداعی تقریب منعقد کی جائے گی۔ ڈاکٹر راجیو شرما سہ پہر 3 بجے اپنی ذمہ داری سے سبکدوش ہوجائیں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ کل منعقدہ کابینہ کے اجلاس میں چیف سکریٹری کی حیثیت سے ڈاکٹر راجیو شرما کی خدمات کی زبردست ستائش کی گئی۔ چیف منسٹر اور وزراء نے ان کی خدمات کو سراہا اور نئی قائم شدہ ریاست تلنگانہ کے پہلے چیف سکریٹری کی حیثیت سے کئی اہم مسائل کے سلسلہ میں حکومت کی رہنمائی کا ذکر کیا۔ دونوں ریاستوں کے درمیان ملازمین اور اثاثہ جات کی تقسیم کے تنازعہ کی یکسوئی کے سلسلہ میں ڈاکٹر راجیو شرما نے اہم رول ادا کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر سبکدوشی کے بعد بھی ڈاکٹر راجیو شرما کی خدمات ریاستی حکومت کیلئے حاصل کرنا چاہتے ہیں اور توقع ہے کہ انہیں حکومت کا مشیر مقرر کیا جائے گا۔