نگران کار حکومت کو انتظامات کا اختیار، وائی راما کرشنوڈو کا بیان
حیدرآباد۔/28 اپریل، ( سیاست نیوز) سینئر قائد تلگودیشم پارٹی مسٹر وائی راما کرشنوڈو نے مرکزی الیکشن کمیشن کی جانب سے تقرر کئے گئے ریاستی چیف سکریٹری آندھرا پردیش مسٹر ایل وی سبرامنیم پر اپنے حدود سے تجاوز کرجانے کا الزام عائد کیا اور مرکزی الیکشن کمیشن سے دریافت کیا کہ آیا چیف سکریٹری اپنے اختیارات کا بیجا استعمال کرتے ہوئے حدود سے تجاوز کرجانے کے باوجود کیوں خاموشی اختیار کی جارہی ہے۔ آج اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر وائی راما کرشنوڈو نے کہا کہ مرکز میں کہیں بھی کابینی سکریٹری مداخلت نہیں کررہے ہیں لیکن آندھرا پردیش میں جائزہ اجلاس کے مسئلہ پر کمیشن کے تقرر کردہ ریاستی چیف سکریٹری بیجا مداخلت کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کے انعقاد اور انتخابی سرگرمیوں اور انتظامات تک ہی چیف سکریٹری مکمل ذمہ دار ہیں۔ لیکن نگرانکار حکومت رہنے پر حکومت ہی اپنا نظم و نسق چلانے کا اختیار رکھتی ہے۔ انہوں نے دریافت کیا کہ آیا ریاست کو درپیش ’ پھنی طوفان ‘ سے اگر کوئی نقصانات پیش آئیں تو کون ذمہ دار ہوں گے۔ مسٹر وائی راما کرشنوڈو نے جاننا چاہا کہ آیا امکانی کسی نقصانات کی مکمل ذمہ داری ایل وی سبرامنیم یا کمیشن قبول کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ آندھرا پردیش کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل تصور کیا جانے والا پولاورم پراجکٹ کے کاموں کو آیا عوامی منتخبہ حکومت نے ہی شروع کیا اور ان تعمیری کاموں کو مکمل کرنے کی ذمہ داری عوامی منتخبہ حکومت پر ہی عائد ہوگی۔انہوں نے مزید کہا کہ انتخابی نتائج اور عوامی فیصلہ کے تعلق سے انہیں ( چیف سکریٹری کو ) ریمارکس کرنے کا کیا حق ہے۔ مسٹر وائی راما کرشنوڈو نے ریاستی چیف سکریٹری مسٹر ایل وی سبرامنیم سے اپنے کئے ہوئے ریمارکس کے تعلق سے وضاحت کرنے کا پرزور مطالبہ کیا ۔