حیدرآباد۔/18مارچ، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر ریاست تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج چیف جسٹس ہائی کورٹ جسٹس کلیان سین گپتا سے ملاقات کی۔ باوثوق سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ اس ملاقات کے دوران چیف جسٹس ریاستی ہائی کورٹ جسٹس کلیان سین گپتا اور چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راو کے مابین ہائی کورٹ کی عاجلانہ تقسیم کے مسئلہ پر شاید بات چیت ہوئی ہے کیونکہ گذشتہ چند دنوں سے ہائی کورٹ میں حالات کسی قدر کشیدہ پائے جارہے ہیں اور وکلاء تلنگانہ ہائی کورٹ کی فی الفور تقسیم عمل میں لانے کے مطالبہ پر بڑے پیمانے پر احتجاج منظم کررہے ہیں۔ سمجھا جاتا ہے کہ چیف منسٹر اور چیف جسٹس کے مابین ہوئی بات چیت کافی مثبت رہی اور توقع کی جاسکتی ہے کہ بہت جلد ہائی کورٹ کی تقسیم سے متعلق احکامات تلنگانہ حکومت کو حاصل ہوں گے۔