چیف جسٹس نے وکیل کو نغمہ سرائی سے روک دیا

دیپک مصرا بحیثیت سی جے آئی آخری سماعت کے دوران جذباتی ہوگئے
نئی دہلی ۔ یکم اکتوبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) چیف جسٹس آف انڈیا دیپک مصرا نے سبکدوشی سے قبل آج اپنے جانشین رنجن گوگوئی کے ساتھ آخری عدالت کے اجلاس پر مقدمہ کی سماعت کی ۔ اس موقع پر وہ جذباتی ہوگئے اور ایک وکیل کو نغمہ سرائی سے روک دیا جس کے ذریعہ اُن کیلئے درازی عمر کی خواہش کی گئی تھی اور کہا کہ وہ فی الحال دل سے جواب دے رہے ہیں اور شام میں اپنے دماغ سے بات کریں گے ۔ جسٹس مصرا نے ان بنچوں کی قیادت کی تھی جو گزشتہ 10 دن کے دوران آدھار اور ہم جنس پرستی جیسے کئی کلیدی مسائل پر فیصلے دی تھیں۔ ایسا محسوس ہورہا تھا کہ 25 منٹ کی مختصر عدالتی کارروائی کے دوران چیف جسٹس دیپک مصرا جذباتی ہوگئے تھے ۔ اس موقع پر چیف جسٹس نے اپنے روایتی انداز میں ایک وکیل کو روک دیا جو اجلاس کے اختتام سے عین قبل ایک گیت گانا شروع کردیا تھا۔ اس وکیل نے 1950 ء کی دہائی کا یہ مشہور و معروف ہندی فلمی نغمہ ’’تم جیو ہزاروں سال ‘‘ گانا شروع کیا تھا جو اکثر سالگرہ کے موقع پر گایا جاتا ہے ۔ تاہم چیف جسٹس مصرا نے فوری اس وکیل کو گانے سے روک دیا اور کہاکہ ’’فی الحال میں اپنے دل سے جواب دے رہا ہوں اور شام میں دماغ سے جواب دوں گا‘‘ ۔ جسٹس رنجن 3؍ اکتوبر کو جسٹس دیپک مصرا سے اس عہدہ کا جائزہ حاصل کریں گے۔