نئی دہلی۔ 24؍اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام)۔ صدرنشین پریس کونسل آف انڈیا ریٹائرڈ جسٹس مارکنڈے کاٹجو نے آج چیف جسٹس آف انڈیا کا تقرر سینیاریتی کی بنیاد پر نہیں بلکہ میرٹ کی بنیاد پر کرنے کی زبردست تائید کی۔ انھوں نے کہا کہ دستور میں ایسی کوئی لازمی دفعہ نہیں ہے کہ سینئر ترین سپریم کورٹ کے جج کو ہی چیف جسٹس مقرر کیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ سپریم کورٹ چیف جسٹس آف انڈیا کا اور ہائی کورٹ اپنے چیف جسٹس کا راست تقرر کرسکتا ہے۔ انھوں نے احساس ظاہر کیا کہ موجودہ تقرر کے طریقہ سے مطلوب نتائج حاصل نہیں ہورہے ہیں اور اس سے عدلیہ کو عظیم نقصان پہنچ رہا ہے۔ اس پس منظر میں انھوں نے بعض سابق چیف جسٹسوں کے خلوص کو بھی مشکوک قرار دیا۔ انھوں نے کہا کہ چیف جسٹس آف انڈیا عدلیہ کے خاندان کا سربراہ ہوتا ہے اور غیر مستحق شخص کے تقرر کی وجہ سے گزشتہ کئی سال سے عدلیہ کو عظیم نقصان پہنچا ہے۔ انھوں نے کہا کہ چیف جسٹس آر ایم لودھا کے 27 ستمبر کو سبکدوش ہونے سے پہلے ان کے جانشین کا میرٹ کی بنیاد پر تقرر کیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ فی الحال کئی ہائی کورٹس کے ایسے چیف جسٹس موجود ہیں جو اس تقرر کے مستحق ہیں۔