چیف ایگزیکٹیو آفیسر وقف بورڈ کی میعاد میں توسیع

چیف منسٹر نے محمد اسد اللہ کی میعاد میں توسیع کی منظوری دیدی
حیدرآباد ۔ یکم   نومبر  (سیاست نیوز) حکومت نے چیف اگزیکیٹیو آفیسر وقف بورڈ محمد اسد اللہ کی میعاد میں ایک سال تک توسیع کرتے ہوئے احکامات جاری کئے ہیں۔ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل کی جانب سے جاری کردہ جی او ایم ایس 36 کے مطابق چیف اگزیکیٹیو آفیسر کی میعاد میں توسیع کا حکومت نے فیصلہ کیا ہے ۔ ان کی میعاد 27 اکتوبر کو ختم ہوچکی تھی۔ محمد اسداللہ کی میعاد میں توسیع کو روکنے کیلئے مختلف گوشوں سے زبردست مہم چلائی گئی لیکن چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اسد اللہ کی کارکردگی اور اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کے حکومت کے منشاء کو پیش نظر رکھتے ہوئے میعاد میں ایک سالہ توسیع کو منظوری دی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ عدالت میں زیر دوران بعض مقدمات کا حوالہ دیتے ہوئے ایک سالہ توسیع کے بجائے 6 ماہ کی توسیع کی کوشش کی گئی تاکہ اسد اللہ 6 ماہ بعد اس عہدہ پر برقرار نہ رہیں۔ تاہم محکمہ مال کے انچارج ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے ایک سالہ توسیع کی ہدایت دی۔ واضح رہے کہ اسد اللہ کا تعلق محکمہ مال سے ہے ، لہذا ان کی خدمات کو کسی اور محکمہ میں برقرار رکھنے کا فیصلہ متعلقہ وزیر کی ذمہ داری ہے۔ محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے انہیں جو فائل روانہ کی گئی تھی ، اس میں بعض تکنیکی وجوہات کی نشاندہی کی گئی۔ اس کے باوجود ڈپٹی چیف منسٹر نے ایک سالہ توسیع کی ہدایت دی اور آج احکامات جاری ہوچکے ہیں۔ چیف اگزیکیٹیو آفیسر کے عہدہ کے لئے ڈپٹی سکریٹری رینک کے عہدیدار کی ضرورت ہے چونکہ حکومت میں  ایک بھی مسلم عہدیدار ڈپٹی سکریٹری رینک کا دستیاب نہیں ہے، لہذا حکومت نے اسسٹنٹ سکریٹری رینک کے حامل محمد اسد اللہ کو چیف اگزیکیٹیو آفیسر مقرر کیا ہے۔ گزشتہ دیڑھ برسوں میں انہوں نے اوقافی جائیدادوں کے تحفظ اور وقف بورڈ کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے کئی اقدامات کئے اور اس کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ کئی اہم جائیدادوں کی فروخت کی رجسٹری کو منسوخ کرنے میں کامیابی حاصل ہوئی ۔ اس کے علاوہ بے قاعدگیوں میں ملوث متولیوں کے خلاف بھی کارروائی کی گئی۔ مقامی سیاسی جماعت کی سرپرستی میں وقف مافیا نے محمد اسداللہ کو زبردست دباؤ بنایا لیکن وہ کسی دباؤ کی پرواہ کئے بغیر خدمات انجام دیتے رہے۔ ان کی میعاد کی تکمیل کے ساتھ ہی اپنی پسند کے عہدیدار کے تقرر کی مساعی کی گئی لیکن چیف منسٹر اور ڈپٹی چیف منسٹر کی دلچسپی سے یہ سازش کامیاب نہ ہوسکی۔  محمد اسد اللہ کی میعاد میں توسیع پر وقف بورڈ کے ملازمین نے مسرت کا اظہار کیا اور انہیں مبارکباد پیش کی ۔ ملازمین کا احساس ہے کہ چیف اگزیکیٹیو آفیسر کی حیثیت سے اسد اللہ نے جن اصلاحات کو نافذ کیا ہے ، وہ نہ صرف ملازمین بلکہ بورڈ کیلئے بہتر ہے۔