حیدرآباد ۔16 ۔ اپریل (سیاست نیوز) عدالت نے دکن کرانیکل ہولڈنگس لمٹیڈ کے صدرنشین ٹی وینکٹ رام ریڈی اور ان کے بھائی ونائک روی ریڈی کو پانچ لاکھ روپئے کی ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔ گزشتہ یوم حیدرآباد ہائی کورٹ میں جسٹس درگا پرساد راؤ نے دکن کرانیکل کے صدرنشین و نائب صدرنشین دونوں بھائیوں کو ضمانت دینے سے انکار کرتے ہوئے داخل کردہ عرضی مسترد کردی تھی لیکن بعد ازاں دو ماہ سے حراست میں موجود بھائیوں کے وکیل نے مجسٹریٹ کورٹ میں درخواست داخل کرتے ہوئے ضمانت حاصل کرلی۔ عدالتی احکامات کے مطابق بینک دھوکہ دہی کے الزامات کا سامنا کر رہے مسٹر وینکٹ رام ریڈی، ونائک روی ریڈی کو پانچ پانچ لاکھ روپئے علحدہ علحدہ ضمانتیں پیش کرتے ہوئے رہائی حاصل کرنی ہوگی۔ دونوں بھائی سی بی آئی کی جانب سے حراست میں لئے گئے تھے اور گزشتہ دو ماہ سے مقدمہ کا سامنا کر رہے ہیں۔