تنخواہ اور دیگر الاونسیس کی منظوری ، کمشنر اطلاعات و تعلقات عامہ کے احکامات
حیدرآباد۔/10اکٹوبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے تلنگانہ پریس اکیڈیمی کے صدرنشین کو کابینی وزیر کا درجہ دیتے ہوئے ان کے لئے تنخواہ اور دیگر الاؤنسیس کو منظوری دی ہے۔ کمشنر اطلاعات و تعلقات عامہ آر وی چندرا ودن کی جانب سے جاری کردہ احکامات کے مطابق مسٹر الم نارائنا کو دو سال کی مدت کیلئے صدرنشین تلنگانہ اسٹیٹ پریس اکیڈیمی مقرر کیا گیا ہے اور انہیں کابینی وزیر کا درجہ دیا گیا۔ ان کی میعاد ذمہ داری سنبھالنے کے دن سے شمار کی جائے گی۔ صدرنشین پریس اکیڈیمی کو ماہانہ 14ہزار تنخواہ، 8ہزار خصوصی الاؤنس، 7ہزار ضیافت الاؤنس کے علاوہ کرایہ کے مکان کی صورت میں 50ہزار روپئے اور ذاتی مکان میں قیام کی صورت میں 10تا50ہزار روپئے ہاؤز رینٹ الاؤنس کے طور پر دیئے جائیں گے۔ صدر نشین کی جانب سے اپنی ذاتی کار کے استعمال کی صورت میں 30ہزار روپئے سفری الاؤنس اور فیول چارجس کے طور پر 15ہزار روپئے ادا کئے جائیں گے۔ وزراء اور آل انڈیا سرویسس کے عہدیداروں کے مماثل انہیں میڈیکل ری ایمبرسمنٹ کی سہولت حاصل رہے گی۔ صدرنشین کیلئے ایک پرائیویٹ سکریٹری، ایک ڈی ای او، دو آفس سب آرڈینیٹ اور ایک ڈرائیور مع گاڑی کو منظوری دی گئی ہے۔ جی اے ڈی کی جانب سے قیامگاہ پر ایک فون اور ایک سیل فون کنکشن فراہم کیا جائے گا۔ یہ تمام اخراجات جنرل اڈمنسٹریشن کے ڈپارٹمنٹ کے بجٹ سے مکمل کئے جائیں گے۔